پاکستان میں قدر نہیں بھارت میں رہنا چاہتی ہوں میرا

میں نے ہمیشہ اپنے ملک کی عزت اور وقار کو ترجیح دی مگر بدلے میں مجھے گالیاں اور برائیاں ہی ملیں, اداکارہ میرا


Umair Ali Anjum March 01, 2013
میں نے ہمیشہ اپنے ملک کی عزت اور وقار کو ترجیح دی مگر بدلے میں مجھے گالیاں اور برائیاں ہی ملیں, اداکارہ میرا فوٹو: ایکسپریس

معروف اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ پاکستان میں فنکار تو دور، انسان کی قدر نہیں، مجھے پاکستانی فلم انڈسٹری اور عوام نے مایوس کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب بھارت سے اداکارہ میرا نے نمائندہ ایکسپریس سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران متضاد خیالات کا اظہارکرتے ہوئے ایک طرف تو یہ دعویٰ کیا کہ انھیں بھارتی فلم انڈسٹری میں انتہائی اہمیت دی جاتی ہے اور فلمساز انھیں اپنی فلموں میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں، دوسری طرف وہ یہ بتانے میں ناکام رہیں کہ انھیں اپنے حالیہ دورے میں کس فلمساز نے اپنی فلم میں کاسٹ کیاہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے پاکستانی فلم انڈسٹری اور عوام نے مایوس کیا ہے۔ میں نے ہمیشہ اپنے ملک کی عزت اور وقار کو ترجیح دی مگر بدلے میں مجھے گالیاں اور برائیاں ہی ملیں۔ اداکارہ میرا نے کہا کہ ترقی ہر انسان کا حق ہے۔

اگر مجھے ہندوستان میں عزت ملی اور میں نے یہاں فلموں میں کام کیا تو اس میں لوگوں کو خوش ہونا چاہیے تھا نہ کہ میرے خلاف تانے بانے بننا شروع کردیے۔ کبھی یہ کہا جاتا کہ میں ٹیکس چور ہوں، کبھی کہا جاتا ہے کہ میں نے فحش کردار اداکیے۔ جو لوگ یہ باتیں کرتے ہیں میراان سے سوال ہے کہ وہ کتنے پارسا ہیں؟ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ میرا نے بتایا کہ وہ اس وقت ہندوستان کی2فلموں میں کام کررہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں میرے حوالے سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ مجھے ہندوستانی فلم ڈائریکٹر نے رسوا کرکے نکال دیاہے۔ میں وضاحت کردوں کہ مجھے ہمیشہ ہندوستانی فلم انڈسٹری نے سرآنکھوں پر رکھاہے۔ اگر مجھے یہاں رہنے کی جگہ مل جائے تو میں ان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں۔ پاکستان میں فنکار تو دور کی بات، انسان کی قدر نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں