سری لنکن وزیر کھیل ٹیم کے ہمراہ پاکستان آئیں گے

سفر محفوظ ہے ثابت کرنا چاہتا ہوں، آئی سی سی نے بھی یقین دلا دیا،جیاسیکرا


AFP October 26, 2017
سفر محفوظ ہے ثابت کرنا چاہتا ہوں، آئی سی سی نے بھی یقین دلا دیا،جیاسیکرا۔ فوٹو : فائل

سری لنکا کے وزیرکھیل دیاسری جیاسیکرا بھی کرکٹرز کے ہمراہ پاکستان آئیں گے، ان کا کہنا ہے کہ میں ثابت چاہتا ہوں کہ وہاں کا سفر ہمارے لیے محفوظ ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی ہمیں اس کی یقین دہانی کرادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کا تیسرا ٹوئنٹی 20 میچ کھیلنے کیلیے لاہور آئے گی جو29 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ کئی اہم کھلاڑی انکار کی وجہ سے مختصر ترین فارمیٹ کے اسکواڈ سے باہر ہوچکے ہیں، ان میں کپتان اپل تھارنگا بھی شامل ہیں، چمیرا کاپوگدیرا اور سورنگا لکمل نے بھی انکار کیا ہے، یہ دونوں اس بس پر سوار تھے جنھیں 2009 میں دہشتگردوں نے نشانہ بنایا تھا، یہ رپورٹس بھی سامنے آچکی ہیں کہ ٹیم کوچ نک پوتھاس بھی پاکستان آنے میں دلچسپی نہیں رکھتے،اس کی وجہ وہ پہلے ہی اپنی فیملی کو قرار دے چکے ہیں۔

جن کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ان کے اور اہل خانہ کے ذہنوں میں پائے جانے والے خدشات کم کرنے کیلیے اب سری لنکن وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا سامنے آئے ہیں، جنھوں نے پلیئرز کہ ہمراہ خود بھی لاہور جانے کا اعلان کردیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ یہ ٹور ہماری ٹیم کیلیے محفوظ رہے گا، میں خود اس لیے ان کے ساتھ جاؤں گا تاکہ یہ ثابت کرسکوں یہ دورہ ہمارے لیے محفوظ ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی ہمیں اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ہماری ٹیم کیلیے پاکستان میں کوئی سیکیورٹی ایشو نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان سے ٹوئنٹی 20 سیریز کیلیے سری لنکا نے ٹیم کی قیادت 28 سالہ آل راؤنڈر تھشارا پریرا کے سپرد کی ہے،وہ گزشتہ ماہ لاہور میں کھیلی جانے والی آزادی کپ ٹوئنٹی 20 سیریز میں ورلڈ الیون کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں