اسٹیٹ بینک کے تحت اینٹی منی لانڈرنگ عملدرآمد فورم

شرکاپرمشتبہ لین دین کی نشاندہی ورپورٹنگ کیلیے نگرانی کے شعبوں میں بہتری لانے پرزور


Business Desk November 14, 2017
منی لانڈرنگ پرایشیاپیسفک گروپ کی مارچ میں متوقع جانچ کیلیے اداروں کوتیاری کرائی گئی۔ فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک نے خطرے پر مبنی طرز فکر کے نفاذ میں رہنمائی و آگہی اور اینٹی منی لانڈرنگ و دہشت گردی کی فنانسنگ سے نمٹنے (اے ایم ایل/سی ایف ٹی) کے متعلق عنقریب ہونے والی باہمی جانچ کے بارے میں مالی اداروں کو تیار رہنے کے لیے پیر کو 'عملدرآمد فورم سیشن' منعقد کیا، اسٹیٹ بینک کے نگرانی کے شعبوں کے سینئر افسران کے علاوہ بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں(ڈی ایف آئیز)، مائیکرو فنانس بینکوں (ایم ایف بیز)، مبادلہ کمپنیوں اور نظام ادائیگی کے آپریٹرز کے متعلقہ افسران بھی اس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر بینکاری پالیسی و ضوابط گروپ نے کی۔ انھوں نے کہاکہ اے ایم ایل/سی ایف ٹی پر عملدرآمدعالمی نوعیت کا مسئلہ ہے جس کے باقی دنیا کے ساتھ اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے اے ایم ایل/سی ایف ٹی نظام کے نفاذ کی اہمیت اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کے تحت مشتبہ لین دین کی نشاندہی اور رپورٹنگ کے لیے مناسب انسانی وسائل کے ذریعے لین دین کی نگرانی کے شعبوں میں مزید بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ںے رپورٹنگ کرنے والے اداروں سے کہا کہ وہ خطرے پر مبنی اے ایم ایل/سی ایف ٹی پر عملدرآمد کے سلسلے میں اپنی کوششوں کو مزید بہتر بنائیں اور عنقریب ہونے والی اے ایم ایل/سی ایف ٹی جانچ کی اچھی طرح تیاری کریں۔ اپنی پریزینٹیشن میں اسٹیٹ بینک کے سینئر حکام نے تکنیکی عملدرآمد کے لازمی اجزا اور عنقریب ہونے والی اے ایم ایل/سی ایف ٹی کی باہمی جانچ کے تناظر میں ایف اے ٹی ایف کی سفارشات کی اثرانگیزی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔

اجلاس کے دوران شماریات کی تیاری/ایف اے ٹی ایف جائزے کے معیار کے جوابات کے حوالے سے مطلوبہ اقدامات پر بحث کی گئی اور بتایا گیا کہ اس پورے عمل کے لیے اینٹی منی لانڈرنگ/دہشت گردی کی فنانسنگ سے نمٹنے سے متعلق تمام فریقوں کو منظم کوششیں اور ٹھوس اشتراک کی ضرورت ہو گی۔ پریزینٹیشن کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا۔

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ پر ایشیا پیسفک گروپ کی رکنیت کے قواعد کے مطابق ہر رکن ملک کے لیے ضروری ہے کہ وہ اے ایم ایل/سی ایف ٹی کے عالمی معیارات پر عملدرآمد کی سطح کا تعین کرنے کے لیے باہمی جانچ/ جائزے کے عمل سے گزرے۔ باہمی جانچ میں ڈیسک پر مبنی جائزے کے ساتھ رکن ممالک کے ماہرین کی ایک ٹیم کی جانب سے دورہ شامل ہو گا جس میں وہ ملک کے ایم ایل/سی ایف ٹی نظاموں کا جائزہ لیں گے۔

قبل ازیں پاکستان 2005 اور 2009 میں دو مرتبہ باہمی جانچ کے عمل سے گزر چکا ہے اور توقع ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے نظرثانی شدہ معیارات پر اگلی باہمی جانچ 2018 کی پہلی سہ ماہی میں منعقد ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں