شاہ رخ جتوئی کو ایوی ایشن افسروں نے فرار کرایا ایف آئی اے
یہ افسر بلاول ہاؤس میں تعینات‘ خاص مہمانوں کی پروٹوکول ڈیوٹی دیتے ہیں، سپریم کورٹ میں بیان
ISLAMABAD:
سپریم کورٹ نے ڈی جی ایف آئی کو ہدایت کی ہے کہ شاہ زیب قتل کیس میں ایف آئی اے کے حکام کی غفلت برتنے کے معاملے کی خود نگرانی کریں۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں3رکنی بینچ نے شاہ زیب قتل ازخودنوٹس کیس کی سماعت کی، ڈائریکٹر ایف آئی کراچی محمد مالک نے بتایا کہ شاہ رخ جتوئی کوائیرپورٹ سے فرار ہونے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 2 اہلکاروں نے مدد کی، دونوں اہلکارخاص مہمانوں کی پروٹوکول ڈیوٹی کرتے ہیں۔
عدالت کو بتا یا گیا کہ یہی دونوں افسران کراچی میں بلاول ہاؤس میں ڈیوٹی پر مامور ہوتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ان دونوں حکام کے خلاف اب تک کوئی بھی ایکشن نہیں لیا گیا اور 10 دن تک اس کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، حکام آئین اور قانون پر عمل کریں اور کسی بند گلی میں کھڑے نہ ہوں۔ سماعت 18 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔