سانحہ عباس ٹاؤن پر حکومتی رپورٹ اطمینان بخش نہیں سپریم کورٹ

جسٹس جواد ایس خواجہ نے رینجرز کی رپورٹ پرریمارکس دیئےکہ نجومی بننے کی ضرورت نہیں کہ کراچی میں کچھ ہونے والا ہے


ویب ڈیسک March 08, 2013
کراچی میں فرقہ وارانہ فساد نہیں بلکہ طاقت کی رسہ کشی چل رہی ہے،چیف جسٹس فوٹو فائل

سپریم کورٹ نے سانحہ عباس ٹاؤن پر حکومتی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے 3دن میں نئی رپورٹ تیارکرکے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے،متاثرین کی بحالی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

سانحہ عباس ٹاؤن کیس کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں لارجربنچ نے کی۔ سماعت شروع ہوئی توآئی بی رینجرز، اسپیشل برانچ اورسیکرٹری سروسز نےسانحہ عباس ٹاؤن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی،اس موقع پرچیف جسٹس نے کہا کہ کراچی میں فرقہ وارانہ فساد نہیں بلکہ طاقت کی رسہ کشی چل رہی ہے۔

جسٹس جواد ایس خواجہ نے رینجرز کی رپورٹ پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نجومی اورجوتشی بننے کی ضرورت نہیں،ایسی رپورٹ ہم بھی تیارکرسکتے ہیں کہ کراچی میں کچھ ہونے والا ہے۔


کمشنرکراچی نےچیف جسٹس کوبتایاکہ سانحہ عباس ٹاؤن میں 49 افراد جاں بحق 140 زخمی ہوئے،7 لاشیں ناقابل شناخت ہیں جن کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایاگیاہے۔انہوں نےمزیدبتایاکہ چیک تیار ہیں اورمتاثرین کوآج ادائیگی کردی جائے گی۔


جسٹس خلجی عارف حسین نے کہا ہم نے کراچی میں نوگرایریاختم کرنے،غیررجسٹرڈ گاڑیاں پکڑنے،غیرقانونی اسلحہ برآمدکرنے اوردہشت گردی کوکنٹرول کرنے کاحکم دیا تھا،حکومت سندھ بتائے ان میں سے کن باتوں پرعمل کیاگیا ؟، چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو ہدایت کرتےہوئےکہاکہ وزیراعلٰی کو کہہ دیں کہ صوبہ ان کا ہے،حالات کو بہتر کریں،اس طرح سندھ میں امن قائم نہیں ہوگا،کیس کی سماعت 21مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں