کراچی میں مذہبی جماعت کے دھرنے کے باعث بدترین ٹریفک جام
ایکسپریس نیوز کے مطابق نمائش چورنگی پرایک مذہبی جماعت کا دھرنا کئی گھنٹوں سے جاری ہے، مظاہرین نے نمائش چورنگی پر مرکزی ایم اے جناح روڈ بند کیا ہوا ہے جس کے باعث نمائش، گرومندر، خالد بن ولید روڈ، طارق روڈ، کشمیر روڈ، صدر، ریگل چوک، شاہراہ قائدین اور ملحقہ سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔
یہ مظاہرہ اسلام آباد میں فیض آباد انٹرچینج پر ہونے والے مظاہرے کا تسلسل ہے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ قومی اسمبلی کے حلف نامے سے ختم نبوت کی شق نکالنے والوں کو ان کے عہدوں سے برطرف کرکے کارروائی کی جائے تاہم اب کراچی میں موجود مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں موجود مذہبی جماعت کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی قیادت سے رابطے میں ہیں، ہمارا ارادہ تھا کہ جب تک اسلام آباد کا دھرنا ختم نہیں ہوگا ہم اپنا دھرنا ختم نہیں کریں گے لیکن اسلام آباد میں موجود اپنی قیادت سے بات ہوئی ہے جس کے بعد کراچی میں دھرنا ختم کیا جارہا ہے۔
یہ پڑھیں: اسلام آباد دھرنا ختم کرانے کے لیے حکومت کے مظاہرین سے مذاکرات
یاد رہے کہ اسی معاملے پر گزشتہ 15 روز سے اسلام آباد کے نزدیک فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی جماعت کا دھرنا جاری ہے، عدالت نے دھرنے کے خلاف کارروائی کا حکم دے رکھا ہے حکام نے ان کے خلاف کارروائی 24 گھنٹوں کے لیے موخر کرکے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا دھرنا ختم کرانے کے لیے آپریشن کا حکم