پشاور میں مضر صحت گوشت فروخت كرنے پر21 دكانیں سیل

مضر صحت گوشت کی فروخت میں ملوث قصابوں كو گرفتار کرلیا گیا

مضر صحت گوشت کی فروخت میں ملوث قصابوں كو گرفتار کرلیا گیا ۔ فوٹو : فائل

ضلعی انتظامیہ نے كم عمر بچھڑوں اور مضر صحت گوشت فروخت كرنے پر تہكال اور نوتھیہ میں 21 دكانوں كو سیل كرتے ہوئے مضر صحت گوشت كو قبضے میں لے لیا۔


اسسٹنٹ كمشنر پشاور نے ڈسٹركٹ ڈائریكٹر لائیو اسٹاک كے ہمراہ كارروائی كرتے ہوئے تہكال اور نوتھیہ میں قصابوں كی مختلف دكانوں كا معائنہ كیا۔ كارروائی كے دوران كم عمر بچھڑوں اور پانی ملے مضر صحت گوشت كی فروخت پر 21 دكانوں میں كو سیل كرتے ہوئے قصابوں كو گرفتار کرلیا گیا، علاقہ مجسٹریٹ كی موجودگی میں مضر صحت گوشت كو ضائع كردیا گیا۔

ڈپٹی كمشنر پشاور كے مطابق اس سے پہلے بھی ضلعی انتظامیہ نے ان قصابوں كو گرفتار كركے جیل بھجوایا تھا اور بھاری جرمانہ بھی عائد كیا تھا لیكن اس كے باوجود یہ قصائی دوبارہ مضر صحت گوشت فروخت كرنے لگے ہیں۔ انہوں نے پشاور كے شہریوں كو خبردار كیا كہ خریداری كرتے وقت تسلی كریں كہ کہیں مضر صحت گوشت تو نہیں خرید رہے۔
Load Next Story