فلموں میں لاہور کی تاریخی ثقافت دکھانے سے انڈسٹری کو فائدہ ہوگا سعیدہ امتیاز

لاہورتاریخی وثقافتی ورثہ سے مالامال شہر ہے،یہاں ہونے والے روایتی پروگرام ہرلحاظ سے منفرد ویادگارثابت ہوتے ہیں، اداکارہ


Qaiser Iftikhar November 19, 2017
فلم میکرز، ڈرامہ پروڈیوسرز کودوبارہ اس شہر کو فنون لطیفہ کی سرگرمیوں کا گہوارابنانے کے لیے کوششیں کرنا چاہیں، سعیدہ امتیاز۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اداکارہ وماڈل سعیدہ امتیاز نے کہا ہے کہ لاہور ایک طرف ثقافتی ورثہ سے مالامال ہے تو دوسری طرف فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میں نام کمانے والے عظیم فنکاروں کا تعلق بھی لاہورسے رہا ہے تاہم اگر پاکستانی فلم انڈسٹری اورفنون لطیفہ کے دیگرشہروں کے ذریعے اس تاریخی شہرکوبین الاقوامی سطح پرپروموٹ کیا جائے تواس سے فلم ٹریڈ کوہی نہیں بلکہ میوزک، ٹی وی، فیشن اوردیگرشعبوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

''ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے سعیدہ امتیاز نے کہا ہے کہ لاہور کو فن وثقافت کا گہوارا کہا جاتا ہے۔ ایک طرف یہ تاریخی شہر ثقافتی ورثہ سے مالامال ہے تو دوسری طرف فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میں نام کمانے والے عظیم فنکاروںکا تعلق بھی لاہورسے رہا ہے۔ اس اعتبار سے لاہورکوہمیشہ ایک خاص اہمیت حاصل رہی ہے۔ یہاں پرمنعقد ہونے والے گرینڈ پروگرام ہرلحاظ سے منفرد اوریادگارثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روایتی انداز سے پیش کیے جانے والے پروگراموں میں جہاں لاہورکی ثقافت دکھائی دیتی ہے وہیں یہاں کے فنکارکسی بھی پروگرام کو چار چاند لگانے میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے۔ ایسے میں اگرپاکستانی فلم انڈسٹری اورفنون لطیفہ کے دیگرشہروں کے ذریعے اس تاریخی شہرکوبین الاقوامی سطح پرپروموٹ کیا جائے تواس سے فلم ٹریڈ کوہی نہیں بلکہ میوزک، ٹی وی، فیشن اوردیگرشعبوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

اداکارہ نے کہا کہ دیکھا جائے توموجودہ حالات میں فنی سرگرمیاں بہت محدود ہوچکی ہیں اورلوگوںکی بڑی تعداد کے پاس تفریح کے مواقع نہ ہونے کے برابرہیں لیکن اب ایک مرتبہ پھر سے لاہورمیں فنون لطیفہ کی سرگرمیوں کی رونقیں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ اس شہرکے باسیوں کا جوش وخروش اوران ایونٹس میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کے لوگ آج بھی تفریح کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ ایسے میں فلم میکرز، ڈرامہ پروڈیوسرزاوردیگرفنون کے کرتا دھرتاؤں کوچاہیے کہ وہ اس شہر کو دوبارہ سے فنون لطیفہ کا گہوارا بنانے کے لیے کوششیں کریں۔

سعیدہ امتیاز نے کہا کہ یہ ایک واحد شہر ہے جوپہلے ہی دنیا بھرمیں اپنے رہن سہن اورثقافتی اعتبارسے منفرد پہچان رکھتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ لاہورکی تاریخی حیثیت اورکلچرسے فائدہ اٹھایا جائے اوراس شہر کے خوبصورت کلچرکواپنی فلموں اورڈراموں کے ساتھ دیگرطریقوں سے مزید پروموٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل ٹاسک ہے لیکن ایسا کرلیا جائے توبہت بڑی تعداد میں سیاح یہاں آنے لگیں گے۔ اس سلسلے میں حکومت کوبھی اپنا کردارادا کرنا چاہیے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔