جامعہ کراچی میں پہلی بار آن لائن داخلہ نظام متعارف

بیچلرز کے 18 شعبوں، ماسٹرکے11شعبوں میں داخلہ لیا جاسکتا ہے


Staff Reporter November 20, 2017
جامعہ کے دیگرمعاملات میں بھی آن لائن نظام متعارف کرایاجائیگا۔ فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار آن لائن نظام کے ذریعے داخلوں کا آغاز کر دیا گیا۔

جامعہ کراچی کے رجسٹرار ڈاکٹر منور رشید کے اعلامیہ کے مطابق بیچلرز ،ماسٹرز ، ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی(مارننگ پروگرام) اور شعبہ ویژول اسٹڈیز میں بیچلرز آف ڈیزائن (4سالہ پروگرام) ،بیچلرز آف فائن آرٹس(4سالہ پروگرام) اور بیچلرز آف آرکیٹیکچرز (5سالہ پروگرام ) میں داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلے برائے سال 2018 کا آغاز ہوگیا، خواہش مند طلبہ 24 نومبرتک داخلہ فارم آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔

جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار آن لائن نظام کے ذریعے داخلوں کا آغاز کیا گیا ہے جس کے ذریعے طلبہ بغیر کسی پریشانی کے اپنے گھروں میںکمپیوٹر اور انٹر نیٹ کے ذریعے مستفید ہوسکتے ہیں،خواہشمند طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لیے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاں تمام معلومات موجودہے۔

بیچلرز پروگرام میں اپلائیڈ فزکس،بائیوٹیکنالوجی ،بزنس ایڈمنسٹریشن ،کیمیکل انجینئرنگ ،کامرس ،کمپیوٹر سائنس،اکنامکس، ایجوکیشن، انگلش ،انوائرمینٹل اسٹڈیز،فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، انٹرنیشنل ریلیشنز ،ماس کمیونیکشن، میتھمیٹکس، مائیکرو بائیولوجی،پبلک ایڈمنسٹریشن، اسپیشل ایجوکیشن ،ٹیچرز ایجوکیشن(بی ایڈ) جبکہ ماسٹرز پروگرام میں بزنس ایڈمنسٹریشن،کامرس، اکنامکس، ایجوکیشن، انگلش، انوائرمینٹل اسٹڈیز،ماس کمیونیکشن، مائیکرو بائیولوجی، پبلک ایڈمنسٹریشن،پبلک پالیسی اورٹیچرز ایجوکیشن بی ایڈ شامل ہیں،ان تمام شعبہ جات میں داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے جامعہ کراچی کے نظام کو آن لائن کرنے کا اعلان کیا تھا اور مذکورہ داخلہ پالیسی اسی کی ایک کڑی ہے،اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح طلبہ کو بہتراورمعیاری سہولت کی فراہمی ہے اور مذکورہ داخلوں کے آن لائن ہونے سے ان کو لمبی قطاروں کی مشکلات سے نجات ملے گی،آنے والے وقتوں میں جامعہ کے دیگر معاملات میں بھی آن لائن نظام کو متعارف کرایا جائے گاجس سے طلبہ ،اساتذہ اور ملازمین مستفید ہو سکیں گے۔

واضح رہے کہ مخصوص نشستوں اور سیلف فائیننس پر داخلے کے خواہش مند طلبہ وطالبات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بیچلرز،ماسٹرز، ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ وایوننگ پروگرام) اور ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کا داخلہ فارم جمع کرائیں اور داخلہ ٹیسٹ میں لازماً شرکت کریں بصورت دیگر انھیں داخلے کے لیے اہل نہیں سمجھا جائے گا،ڈاکٹر آف فارمیسی اور ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی میں داخلے کے لیے انٹر پری میڈیکل یا مساوی امتحان میں کم ازکم 60 فیصد مارکس حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات داخلہ فارم جمع کرانے کے اہل ہوں گے،واضح رہے کہ گریس یا کنڈونیشن مارکس کے حامل طلبہ کے داخلے زیر غور نہیں لائے جائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں