پی سی بی کا نظر ثانی شدہ آئین آئی سی سی نے قبول کرلیا

جون میں نفاذ سے گورننگ باڈی کے جمہوری سیٹ اپ کا مطالبہ پورا ہوجائے گا۔


Sports Reporter/Abbas Raza March 09, 2013
جون میں نفاذ سے گورننگ باڈی کے جمہوری سیٹ اپ کا مطالبہ پورا ہوجائے گا۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کا نظر ثانی شدہ آئین آئی سی سی نے قبول کرلیا، رواں سال جون میں نفاذ سے کرکٹ کی عالمی باڈی کا جمہوری سیٹ اپ لانے کا مطالبہ پورا ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق 30 جنوری 2011ء کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے مختلف ممالک کے بورڈز میں سیاسی مداخلت ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے اس مقصد کیلیے 2 سال کی ڈیڈ لائین دی گئی تھی، حکام کا کہنا تھا کہ 12 ماہ میں جنرل الیکشن کرانے کیلیے پیش رفت کی جائے،اگلے مرحلے میں آئی سی سی کی معاونت اور مشاورت سے حکومتی اثرو رسوخ ختم کرنے کیلیے باقی مراحل بھی مکمل کرلیے جائینگے۔

پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش براہ راست اس فیصلے کی زد میں آئے جہاں اہم ترین عہدوں پر تقرریوں سمیت کئی امور بالواسطہ یا بلا واسطہ حکومتی سربراہوں کے ہاتھوں میں تھے، گریز کا کوئی راستہ نہ تلاش کر پانے پر بالآخر پی سی بی کو بھی یہ کڑوی گولی نگلنا پڑی، پاکستان میں صدر مملکت کو بطور چیف پیٹرن کرکٹ بورڈ چیئرمین کی تقرری اور برخواست کرنے کا اختیار تھا، نیا آئین گذشتہ ماہ تیار کرکے حکومت سے منظوری حاصل کی گئی، بعد ازاں آئی سی سی کی مشاورت سے ترامیم بھی کرکے بھجوائی گئیں۔

3

ذرائع کے مطابق نظر ثانی شدہ مسودہ آئی سی سی نے قبول کرلیا جسکے بعد پاکستان کرکٹ میں سیاسی مداخلت کے حوالے سے عالمی باڈی کے خدشات دور ہوجائینگے، صدر مملکت چیئرمین کے عہدہ کیلیے 4 رکنی کمیٹی کیلیے 2 افرد کی نامزدگیاں کرینگے، کسی ایک کے حق میں فیصلہ ہوگا جسکی توثیق گورننگ بورڈ کریگا، نئے آئین میں ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے روٹیشن پالیسی کے تحت 5،5 ارکان کو گورننگ بورڈ میں ایک سال کیلیے شامل کیا جائیگا،ذرائع کے مطابق سابق کرکٹر اور ٹیکنو کریٹس کی 2، 2 نشستوں کے انتخاب میں بھی ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کا کردار ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں