سنگاکارا بنگلہ دیش کا کمزور بولنگ اٹیک دیکھ کربے قابو

سری لنکا کے 3 وکٹ پر 361 رنز، دلشان اور تھریمانے نے بھی نصف سنچریاں بنائیں۔


AFP/Sports Desk March 09, 2013
گال ٹیسٹ: سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا اسٹروک کھیلنے کے بعد گیند کی جانب دیکھ رہے ہیں، بنگلہ دیش کیخلاف انھوں نے 142 رنز اسکور کیے۔ فوٹو: اے ایف پی

پہلے ٹیسٹ میں سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا بنگلہ دیش کا کمزور بولنگ اٹیک دیکھ کربے قابو ہوگئے۔

31ویں سنچری بنا کر ریکارڈ میں ہم وطن مہیلا جے وردنے کی ہمسری اختیار کر لی، ٹیم نے پہلے دن کا اختتام 3 وکٹ پر 361 رنز کے ساتھ کیا، تلکارتنے دلشان اور تھریمانے نے بھی نصف سنچریاں بنائیں،واحد کامیاب بولر اسپنر سوہاگ غازی نے تین وکٹوں کیلیے 101 رنز دیے۔

تفصیلات کے مطابق گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی ٹھانی، نویں اوور میں شہادت حسین کی گیند کو پل کرتے ہوئے کرونارتنے کہنی زخمی کرا بیٹھے، یوں انھیں15کے اسکور پر ریٹائر ہرٹ ہونا پڑا، دلشان نے برق رفتاری سے کھیلتے ہوئے 9 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔

4

ان کے آؤٹ ہونے پر کرونارتنے کی میدان میں دوبارہ واپسی ہوئی، انھوں نے شہادت کی گیند پر ٹاپ ایج کے نتیجے میں میچ کا پہلا چھکا لگایا، گیند وکٹ کیپرکے سرکے اوپر سے باؤنڈری پار گئی، اگلے اوور میں سوہاگ نے انھیں 41رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا، یوں سنگاکارا کیساتھ دوسری وکٹ کیلیے 67 رنز کی پارٹنر شپ کا اختتام ہو گیا، لیفٹ ہینڈر نے بنگلہ دیش کے کسی بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے دلکش اسٹروکس کھیلے، انھیں 142 رنز پر سوہاگ نے میدان بدر کیا، اننگز میں 16 چوکے اور 3 چھکے شامل رہے۔

سنگاکارا نے لاہیرو تھریمانے (74ناٹ آؤٹ) کیساتھ 124 رنز جوڑے، انھیں 111رنز پر ایک چانس بھی ملا جب مڈآف پر اشرفل نے کیچ چھوڑ کر سوہاگ کو وکٹ سے محروم رکھا تھا، جس وقت کھیل ختم ہوا کپتان انجیلو میتھیوز25پر ناقابل شکست رہے، ٹیم نے 3 وکٹ پر 361رنز بنائے، 101رنز دیکر 3 وکٹیں لینے والے سوہاگ غازی کے سوا دیگر تمام بولرز کامیابی کو ترستے رہ گئے، بارش کے سبب 4.3 اوورز قبل کھیل کا اختتام ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں