حکمران قوم میں صوبائی مسلکی اور لسانی تعصبات کی نفرتیں پھیلا رہے ہیںسراج الحق

حکومت میں آنے والے لوگ عالمی سامراجی قوتوں کے آلہ کار بن کر عوام کا استحصال کرتے ہیں، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک November 20, 2017
چوہدریوں، وڈیروں اور جاگیرداروں کے ظلم و جبر پر مبنی نظام سے بغاوت کا اعلان کرتے ہیں، سراج الحق فوٹو: فائل  

ISTANBUL: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران قوم میں صوبائی، فرقہ ورانہ اور لسانی تعصبات کی نفرتیں پھیلا کر قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

کوئٹہ میں ''تعمیر پاکستان میں خواتین کا کردار'' کے موضوع پر ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں جو بھی حکومت میں آتا ہے، اس کے بینک بیلنس میں بے پناہ اضافہ ہوجاتاہے، ان سے کوئی نہیں پوچھتا کہ انہیں قارون کا خزانہ کہاں سے ملا ہے، حکومت میں آنے والے عالمی سامراجی قوتوں کے غلام اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار عوام کا استحصال کرتے ہیں، قومی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں اور پھر اسی لوٹی دولت کو خرچ کر کے دوبارہ اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ جاتے ہیں، 70 سال سے عوام کے ساتھ یہی گھناؤنا کھیل کھیلا جارہا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم چوہدریوں، وڈیروں اور جاگیرداروں کے ظلم و جبر پر مبنی نظام سے بغاوت کا اعلان کرتے ہیں، ہم صرف اللہ اور اس کے رسولﷺ کے عدل و انصاف کے نظام کو زندہ باد کہتے ہیں اور اسی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، آج کی نام نہاد جمہوریت عوام کے ساتھ ایک سنگین مذاق ہے، غریب عوام کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنے والے قومی وسائل پر صرف اپنا حق سمجھتے ہیں۔ غریب عوام تعلیم، صحت، روزگار اور چھت جیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں اور حکمران قوم میں صوبائی، مسلکی اور لسانی تعصبات کی نفرتیں پھیلا کر قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں