ایڈن گارڈنز میں کم روشنی سے سری لنکن چہرے جگمگا اٹھے

بھونیشورکے4شکار،بھارتی اننگز 352پرڈیکلیئرڈ،ویرات کوہلی کی سنچری


AFP November 21, 2017
231 بھارتی اننگز 352پرڈیکلیئرڈ،ویرات کوہلی کی سنچری فوٹو: اے ایف پی

ایڈن گارڈنز میں کم روشنی سے سری لنکن چہرے جگمگا اٹھے جب کہ آئی لینڈرز نے بھارت سے پہلا ٹیسٹ بمشکل ڈرا کرلیا۔

آئرلینڈ اور بھارت کے درمیان میچ میں امپائرز کی جانب سے میچ ختم کیے جانے تک 231 کے ہدف کا تعاقب کرنے والی مہمان ٹیم75 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی جب کہ بھونیشور کمار نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل بھارت نے اپنی دوسری اننگز 352 رنز 8 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کی،کپتان ویرات کوہلی نے ناقابل شکست 104 رنز اسکور کیے۔جب کہ سورنگا لکمل اور ڈاسن شناکا نے 3، 3 وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کو ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں آخری روز فتح کیلیے231 رنز کا ہدف ملا تاہم کوئی بھی کھلاڑی کریز پر جم نہ سکا، فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے پہلے ہی اوور میں سدیرا سماراوکرما کو صفر پر آئوٹ کیا، وہ ان سائیڈ ایج پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، محمد شامی نے لیفٹ ہینڈر لاہیرو تھریمانے (1) کو بولڈ کیا، تیسرے فاسٹ بولر امیش یادیو نے چائے کے وقفے کے بعد انجیلو میتھیوز کو صرف 12 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔

میچ اس وقت مزید دلچسپ ہوگیا جب شامی نے کپتان دنیش چندیمل کو 20 اور بھونیشور کمار نے نروشن ڈیکویلا کو 27 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ آخری سیشن میں 5 وکٹیں گرنے سے وکٹ پر موجود ڈوسن شناکا اور رنگانا ہیراتھ کے چہرے پر ہوائیاں اڑنے لگیں تاہم جیسے تیسے انھوں نے کچھ وقت کریز پر گزارا، آخر امپائرز نے کم روشنی کی وجہ سے میچ کا ڈرا پر اختتام کردیا، اس وقت سری لنکا کا اسکور 7 وکٹ پر 75 رنز تھا۔اس سے قبل بھارت نے اپنی دوسری اننگز 8 وکٹ 352 رنز پر ڈیکلیئرڈ کی، کپتان ویرات کوہلی 104پر ناٹ آئوٹ رہے، یہ ان کی 18 ویں ٹیسٹ اور 50 ویں انٹرنیشنل سنچری تھی، لوکیش راہول 79 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، چتیشور پجارا نے22 رنز بنائے، میچ کے ابتدائی دونوں روز بارش سے متاثر ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔