2 سال میں مزید 861افراد لاپتہ ہوگئے بی بی سی
کئی کیسز میں لاپتہ فرد کے بیرون ملک مقیم ہونے کاا نکشاف ہوا، مشیر برائے انسانی حقوق
پاکستان میں جبری گمشدگیوں کی تحقیقات کرنے والے حکومتی کمیشن کا کہنا ہے کہ 2 برس میں مزید861 افراد کے لاپتہ ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
جس کے بعد ایسے معاملات کی تعداد999 تک پہنچ گئی ہے۔کمیشن کے مطابق یہ نئی شکایات یکم فروری2011 سے 28فروری 2013کے دوران موصول ہوئیں جبکہ یکم جنوری2011 تک ایسی شکایات کی تعداد138 تھی۔
بی بی سی کے مطابق جمعے کو سپریم کورٹ کے جسٹس ریٹائر جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم کمیشن کے بیان میں کہاگیا ہے کہ کل999 شکایات میں سے 378کو نمٹا دیا گیا ہے اور621 شکایات کے بارے میں تحقیقات جاری ہے، کمیشن نے فروری 2013 میں 19لاپتہ افراد کو تلاش کیا اور2افراد کی لاشیں ملیں۔
پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے انسانی حقوق مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بتایا کہ ان درخواستوں کی جانچ پڑتال باقی ہے کہ جبری گمشدگی کے الزامات درست ہیں یا نہیں۔ کئی کیسز میں ایسا ہوا کہ لاپتہ فرد افغانستان، دبئی، سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک میں روز گار کے لیے جا چکا تھا۔