جنوبی کوریا سے تمام امن معاہدے ختم شمالی کوریا نے امریکا کو ایٹمی حملے کی دھمکی دیدی

سیول کے ساتھ ہاٹ لائن رابطہ اور سرحدی راستہ بھی بند،کچھ حاصل نہیں ہوگا،امریکا نے دھمکی کو بے معنی قرار دے دیا۔


News Agencies March 09, 2013
کم جونگ ان نے مورچوں کا دورہ کیا،ایٹمی حملہ ہوا تو شمالی کوریا کو صفحہ ہستی سے مٹادیں گے، جنوبی کوریا کا ردعمل. فوٹو: رائٹرز

شمالی کوریا نے امریکا او ر دیگر حملہ کرنے والے ممالک کو ایٹمی حملے کی دھمکی دے دی۔

آئی این پی کے مطابق شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا کی دوسری ایٹمی جنگ ناگزیر ہوگئی ہے کیوں کہ امریکا نے جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ جنگی مشقیں ختم کرنے کا ہمارامطالبہ ماننے سے انکار کردیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا ایٹمی جنگ کو ہوادے رہا ہے جس کی وجہ سے ہماری افواج کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ شمالی کوریا پر جارحیت کرنے والوں کے ٹھکانے تباہ کردے۔ انھوں نے کہا کہ اگر امریکا اور جنوبی کوریا نے مشترکہ جنگی مشقیں شروع کیں تو یہ 1953 کے معاہدے کو ختم کرنے کے مترداف ہوگا۔



دریں اثنا شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے ساتھ کیے گئے عدم جارحیت کے تمام معاہدے ختم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان ہاٹ لائن اور پن منجم کے سرحدی علاقے میں سرحدی راستہ بند کرنے کا اعلان کردیا،شمالی کوریا کی جانب سے یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب اقوام متحدہ نے اس کے خلاف نئی پابندیاں لگانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی۔ عالمی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے فرنٹ لائن فوجی مورچوں کا دورہ کیا۔ یہ وہ مورچے ہیں جہاں سے 2010 میں جنوبی کوریا کے جزیرے پر فائرنگ کی گئی تھی۔

مورچوں کا دورہ کرتے ہوئے انھوں نے فوجیوں سے کہا کہ وہ 'دشمنوں کا صفایا کرنے' کے لیے تیار رہیں۔ این این آئی کے مطابق امریکا نے شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی جنگ میں پہل کی دھمکی کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اقوامِ متحدہ کے لیے امریکی مندوب سوزن رائس نے سلامتی کونسل میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل دھمکیوں اور اشتعال انگیزیوں سے شمالی کوریا کو عالمی برادری میں مزید تنہائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔انھوں نے کہا کہ اس نوعیت کی دھمکیوں کے نتیجے میں شمال مشرقی ایشیا میں استحکام اور امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو دھچکا پہنچے گا۔ اے پی پی کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اگر شمالی کوریا نے ایٹمی حملہ کیا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹادیاجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں