سندھ اسمبلی اپوزیشن کی ارکان کے نام پر 2 کروڑ جاری ہونیکا انکشاف

میرے نام پر جاری کردہ فنڈ ڈپٹی کمشنر سکھر نے منظوری کے بغیر استعمال کر لیا


Staff Reporter November 23, 2017
مردوں کے محکموں میں زیادہ خواتین کا تقرر کیا جائے گا، صوبائی مشیر فوٹو:فائل

سندھ اسمبلی نے بدھ کو ڈپٹی کمشنر سکھر کے خلاف ایم کیوایم کی خاتون رکن ہیر اسماعیل سوہوکی تحریک استحقاق اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دی۔

ہیر اسماعیل سوہو کاکہنا تھا کہ میرے نام پر کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جاری کردہ فنڈ ڈپٹی کمشنر سکھر نے منظوری کے بغیر استعمال کر لیے۔ میڈیا میں یہ خبریں آئی تھیں کہ اپوزیشن کی 5 خواتین ارکان کو فنڈ جاری کیے گئے ہیں۔سینئر وزیر نثار کھوڑو نے کہاکہ اس طرح کا کوئی فنڈ نہیں ہے۔ ہم اس معاملے کی تحقیق کریں گے۔ اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ حکومتی ارکان کے حلقوں میں کروڑوں روپے خرچ کردیے جاتے ہیں۔ اپوزیشن ارکان کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ اگر پوری اپوزیشن ہائی کورٹ میں چلی جائے اور عدالت حکومت کے خلاف فیصلہ دے دے تو کیا حکومت کی جگ ہنسائی نہیں ہو گی۔ ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات ہونا چاہیے۔ اپوزیشن کی خواتین ارکان کے نام پر2کروڑ روپے کس طرح استعمال کیے گئے، یہ تو فراڈ ہےان کے نام پر لیپ ٹاپ اور مشینز بھی خریدی گئیں۔

خواتین کی ترقی کے محکمے میں زیادہ تر ملازمین مرد ہیں، سندھ میں رواں مالی سال کے دوران ویمن کرائسز سینٹرز کے لیے9 کروڑ 73 لاکھ81 ہزار روپے کے فنڈمختص کیے گئے۔ یہ بات بدھ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ ترقی نسواں سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران بتائی گئی۔ وزیراعلیٰ کی طرف سے ان کی مشیر برائے ترقی نسواں ارم خالد نے سوالوں کے جوابات دیے۔ صوبائی مشیر نے کہاکہ صوبے کے4شہروں کراچی ، حیدر آباد ، شہید بے نظیرآباد اور جیکب آباد میں ویمن کرائسس سینٹرز قائم ہیں۔ تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان نے ضمنی سوال کیا کہ محکمہ ترقی نسواں میں80 فیصد مرداور20 فیصد خواتین ملازم ہیں۔

ایسا کیوں ہے؟ ارم خالد نے کہاکہ ایسا ضرورت کے تحت کیا گیا ہے۔ اگر محکمہ ترقی نسواں میں زیادہ مرد ہیں تو مردوں کے محکموں میں زیادہ خواتین کا تقرر کیا جاسکتاہے۔ ایم کیوایم کی خاتون رکن ہیراسماعیل سوہو نے سوال کیاکہ کیا حکومت کے پاس کوئی ایسی خاتون نہیں ہے جسے مکمل وزیر بنایا جاسکے۔ اسپیکرآغا سراج درانی نے کہاکہ یہ سوال ہی سمجھ سے بالاتر ہے تو اس کا جواب کیا دیا جائے۔ سندھ اسمبلی میں بدھ کو مویشیوں کی رجسٹریشن اور تجارت سے متعلق ایک بل متعارف کرادیا گیا۔ یہ قانون سندھ لائیو اسٹاک رجسٹریشن اینڈ ٹریڈ اتھارٹی ایکٹ2017 کہلائے گا۔ اس کے تحت لائیو اسٹاک رجسٹریشن اینڈ ٹریڈ اتھارٹی قائم کی جائے گی۔

وزیر بلدیات جام خان شورو نے بدھ کو سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے رکن معین عامر پیرزادہ کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بتایاکہ تجاوزات ہٹانے کے خلاف مزاحمت کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے حکومت سندھ نے ایک نئی حکمت عملی تیار کی ہے۔ پہلے تجاوزات کرنے والوں کو نوٹس جاری کیا جائے گاپھر پولیس فورس استعمال کی جائے گی۔ معین عامر پیر زادہ نے کہا کہ کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک ایس ٹی پلاٹ پر لینڈ گریبر ز نے قبضہ کرلیا ہے اور وہاں باڑہ بنالیاہے۔ ن لیگ کے رکن امیرحیدرشاہ شیرازی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر ورکس اینڈ سروسز میر ہزارخان بجارانی نے کہاکہ ٹھٹھہ میں میرپور ساکروسے غلام اللہ تک6 کلو میٹر سڑک کا50 فیصد کام مکمل ہوچکاہے۔

ایم کیو ایم کے رکن صابر حسین قائم خانی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہاکہ حیدرآباد میں پانی کی فراہمی کے ایک منصوبے کے لیے25کروڑ روپے کا پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے جلد ہی اس منصوبے پر کام شروع ہوجائے گا۔ ایم کیوایم کے رکن کامران اختر کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ محکمے کی طرف سے آج تک کوئی جعلی نمبر پلیٹ الاٹ نہیں کی گئی۔ سندھ اسمبلی میں بدھ کو صوبے میں نمونیا بخار کو کنٹرول نہ کرنے کے حوالے سے تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کی تحریک التوا خلاف ضابطہ قرار دے دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں