پنجاب پولیس کی پرانی وردی دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ

یکم جنوری 2018 سے نئی وردی منسوخ جب کہ پرانی وردی دوبارہ بحال ہو جائے گی، ذرائع

سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے پولیس کی سابقہ وردی ختم کرکے نئی وردی لاگو کی تھی، فوٹو: فائل

پنجاب پولیس کی نئی وردی ختم کرکے ایک مرتبہ پھر پرانی وردی بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے پولیس کی سابقہ وردی ختم کرکے نئی وردی لاگو کی تھی جوکہ آئی جی پنجاب سے لے کر کانسٹیبل تک کے ملازمین کے لیے لازمی قرار دی گئی تھی۔

پنجاب حکومت نے تمام پولیس اہلکاروں اور افسران کو سرکاری خرچ پر نئی وردی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن درحقیقت 70 فیصد افسران اور اہلکاروں نے نئی وردی اپنی جیب سے خریدی تھی۔ جب کہ پولیس افسران اور اہلکاروں نے نئی وردی پراپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس وردی کی وجہ سے دیہی علاقوں کے لوگ انہیں پولیس افسر ماننے کو تیار نہیں ہیں بلکہ وہ انہیں بہروپیا کہتے ہیں اوروردی تبدیل ہونے سے پولیس وردی کا رعب بھی ختم ہو چکا ہے۔




ان کا کہنا تھا نئی وردی کو حساس ادارے کی وردی سے ملانے کی بھی کوشش کی گئی ہے جس سے حساس ادارے کی عزت و وقار پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے ان وجوہات کی بنا پر دوبارہ پولیس کی نئی وردی منسوخ کر کے پرانی وردی بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یکم جنوری 2018سے پرانی وردی دوبارہ بحال ہو جائے گی۔
Load Next Story