بچے کے اغوا میں ملوث ملزمان گرفتار ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

وقاص احمد کو اغوا کر کے 5 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا،چچا نے ملزمان کو پہچان لیا تھا.

وقاص احمد کو اغوا کر کے 5 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا،چچا نے ملزمان کو پہچان لیا تھا۔ فوٹو: فائل

اغواء برائے تاوان کی واردات میں ملوث ملزمان گرفتار۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز عزیز آباد کے رہائشی محمد یونس شیخ نے مہران تھانے میں مقدمہ درج کراتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کا 14سالہ بھتیجا وقاص احمد دکان پر روزانہ کھانا لے کر جاتا تھا لیکن 28 فروری کو گھر سے کھانا لے کر نکلا اور دکان نہیں پہنچا اوراس کے اہل خانہ اس کو ڈھونڈتے رہے، یکم مارچ کو انہیں موبائل کال موصول ہوئی ۔


جس میں اغواکاروں نے وقاص کی رہائی کیلیے 5 لاکھ روپے طلب کئے اور جب وہ تاوان کی رقم ادا کرنے پہنچا تو اس نے اغوا کار موٹر سائیکل سوار عمران عرف منو اور عبدالوحید بیگ کو پہچان لیا۔ وقاص احمد ان کے درمیان میں موٹر سائیکل پر تھا اور اس کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ انھوں نے مبینہ طور پر تاوان کی رقم طلب کی اتنے میں ایک کار وہاں آگئی۔



جسے دیکھ کر ملزمان وقاص احمد کو لے کر سیال کالونی کی طرف بھاگ نکلے۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد مہران پولیس نے ہفتے کی صبح مالہی کالونی میں چھاپہ مار کر نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا۔ عدالت نے 7دن کے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا۔
Load Next Story