پی سی بی کا حکومت سے فکسنگ کیخلاف قانون سازی کا مطالبہ

سخت سزاؤں کا خوف ہو توپلیئرز بُری چیزوں میں ملوث ہونے سے گھبرائیں گے، بورڈ


Sports Desk November 24, 2017
مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلیے بورڈ کا اپنا ایک اینٹی کرپشن یونٹ بھی موجودہے، بورڈ آفیشل۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے حکومت سے فکسنگ کے خلاف قانون سازی کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ کھیلوں سے ہر قسم کی فکسنگ اور کرپشن کے خاتمے کیلیے خصوصی قانون متعارف کرائے۔ سرکاری خبررساں ادارے سے بات چیت میں بورڈ کے ایک آفیشل نے کہاکہ پی سی بی نے کھیل سے کرپشن کے خاتمے کیلیے کوششوں کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے سخت اینٹی کرپشن کوڈ متعارف کرایا گیا، مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلیے بورڈ کا اپنا ایک اینٹی کرپشن یونٹ بھی موجودہے۔

بورڈ آفیشل نے کہا کہ بورڈ یہ سمجھتا ہے کہ اگر حکومت کی جانب فکسنگ کے حوالے سے خصوصی قانون متعارف کرایا جائے تو کرکٹ اور دیگرکھیلوں میں کرپشن کو کافی حد تک روکا جاسکتا ہے تاہم اس حوالے سے پہلے ہی حکومت سے ہم درخواست کرچکے ہیں کہ وہ خود اس حوالے سے ایکشن لے، کچھ عرصے کے لیے کرکٹرز پر پابندی عائد کی جاتی مگر پھر بعد میں انھیں واپس کھیلنے کی اجازت دینا پڑتی ہے، اگر اس طرح کے سخت قوانین حکومت کی جانب سے متعارف کیے جائیں تو پلیئرزکسی بھی قسم کی بُری چیز میں ملوث ہونے سے گھبرائیں گے۔

مذکورہ آفیشل نے مزید کہا کہ حکومت پی سی بی سے ٹیکس کا مطالبہ کرنے کے بجائے اسے ملک میں کرکٹ کی ترقی کیلیے کام کرنے دے، اس سے مختلف شہروں میں انٹرنیشنل معیار کے مطابق اسٹیڈیمز بنائے جائیں گے، حکومت کو تمام تعلیمی بورڈز کو بھی ہدایت کرنا چاہیے کہ وہ ملکی سطح پر ٹورنامنٹس کا انعقاد کرے جب کہ پی سی بی ایسے ایونٹس کیلیے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔