ون ڈے سیریز پاکستان ٹیسٹ کی ناکامی کا داغ دھونے کیلیے کوشاں

آج بلوم فونٹین میں پہلامیچ، پلیئنگ الیون کا انتخاب ٹیم مینجمنٹ کیلیے دردِ سربن گیا، گرین شرٹس کو۔۔۔، جنوبی افریقی قائد


Sports Desk March 10, 2013
ٹیم ایک فیملی کی طرح کھیل رہی اور تمام پلیئرز ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں، پروٹیز کو ہرانے کا بہترین موقع مل گیا، تمام توجہ سیریز پر مرکوز ہے، مصباح فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز اتوار سے بلوم فونٹین میں ہورہا ہے۔

گرین شرٹس میزبان سے بدلہ لینے کے لیے بے تاب ہیں، ایک روزہ مقابلوں میں فتح سے ٹیسٹ ناکامی کا داغ دھونے کی کوشش کی جائے گی، پلیئنگ الیون کا انتخاب ٹیم مینجمنٹ کے لیے درد سربن گیا۔ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی ایک فیملی کی طرح ہیں، ہمارے پاس پروٹیز کو شکست دینے کا بہترین موقع موجود اور تمام تر توجہ ون ڈے سیریز پر مرکوز ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ ٹیم بھی انتہائی محتاط ہے، کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ سیریز کانٹے دار ثابت ہوگی، پاکستانی ٹیم کو اس طرز میں کسی صورت آسان شکار تصور نہیں کرسکتے۔

تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ سیریز میں 3-0 سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم کے پاس ون ڈے میں فتح کی صورت میں ساکھ کی بحالی کا بہترین موقع موجود ہے، جون میں انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے آخری ایڈیشن کی وجہ سے دونوں ٹیموں کیلیے سیریز کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، ان پانچ میچز میں فتح سے جنوبی افریقہ کو ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن مل سکتی جبکہ چھٹے نمبر پر موجود پاکستان بھی اپنی پوزیشن کو بہتر بناسکتا ہے۔ مہمان ٹیم کیلیے پلیئنگ الیون کا انتخاب کسی درد سر سے کم نہیں،اگر بھارت کے خلاف فتح حاصل کرنے والے اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا تو پھر یونس خان تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے، عمر اکمل کی جگہ خطرے میں ہوگی جبکہ شاہد خان آفریدی کو ساتویں نمبر پر کھلانے کی صورت میں شعیب ملک کو باہر بٹھانا پڑے گا۔

1

میچ سے قبل میڈیا سے بات چیت میں کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم ایک فیملی کی طرح کھیل رہی اور تمام پلیئرز ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں،انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس ورلڈ کلاس اسپنرز موجود جو پروٹیز کو قابو کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہمیں حریف سائیڈ کو ڈاٹ بالز سے باندھ کر رکھنا ہوگا، ون ڈے فارمیٹ میں ہم ہمیشہ اچھا پرفارم کرتے ہیں، جنوبی افریقہ بھی اچھی ٹیم مگر انھیں اس طرز میں مشکل کا سامنا ہے۔ دوسری جانب میزبان بیٹنگ کو مضبوط کرنے کیلیے گریم اسمتھ اور ہاشم آملا موجود ہوں گے تاہم پہلے میچ میں پروٹیز کو فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا جو لاس اینجلس میں اپنی دوست کے ساتھ موجود ہیں، وہ دوسرے ون ڈے تک واپس آئیں گے، مورن مورکل بھی ہیمسٹرنگ انجری سے نجات حاصل نہیں کرپائے، ان کے نہ کھیل پانے کی صورت میں اٹیک کی قیادت لونوابو سوٹسوبے کے پاس ہوگی۔

کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں کچھ پرانے کھلاڑی واپس آچکے جس سے اس کا تجربہ بڑھ گیا، ہم انھیں آسان حریف خیال نہیں کریں گے،اسی طرح ون ڈے میں ہماری بھی اچھی ٹیم ہے اس لیے سیریز کانٹے دار رہے گی۔ واضح رہے کہ بلوم فونٹین کے اسٹیڈیم میں 2005 کے بعد سے کھیلے گئے ون ڈے مقابلوں میں اوسط اننگز ٹوٹل 253 ہے تاہم اس میں زمبابوے اور کینیا جیسی ٹیم کے ساتھ کھیلے گئے میچز بھی شامل ہیں۔ ماہرین موسمیات کے مطابق اتوار کو مطلع صاف رہنے کی امید ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں