حکومت سندھ نے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں کے شیڈول پر نظرثانی کا اعلان کر دیا۔
سندھ کے وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین نے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں کا اعلان گزشتہ روز کو ایم کیو ایم کی خاتون رکن ہیر اسماعیل سوہو کے توجہ دلاؤ نوٹس پر کیا جس پر ہیر اسماعیل سوہو نے کہاکہ صوبے میں اسکولز کی چھٹیوں کا شیڈول فرسودہ ہے اور یہ چھٹیاں بچوں کو موسم کی سختی سے محفوظ نہیں رکھتی ہیں، چھٹیاں گزر جاتی ہیں، سردیاں بعد میں آتی ہیں۔
وزیر تعلیم جام مہتاب حسین نے کہا کہ اس حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائے گا، چھٹیوں کا معاملہ اسٹیئرنگ کمیٹی طے کرتی ہےانہوں نے بتایا کہ موسمیات نے رپورٹ دی ہے کہ سخت سردیاں 10 سے 20 جنوری کے درمیان ہوتی ہیں، محکمہ موسمیات نے گزشتہ سالوں کا ریکارڈ پیش کیا، ہم چاہتے ہیں کہ بچوں کی سردی کی چھٹیاں سردیوں میں ہی آئیں، موجودہ شیڈول کے مطابق چھٹیاں ختم ہو جاتی ہیں سردیاں بعد میں آتی ہیں۔
جام مہتاب حسین ڈاہر نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولز کے نمائندوں سے مشاورت کرکے چھٹیوں کا نیا شیڈول طے کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیاء کے توجہ دلاؤ نوٹس پر سینئر وزیر خوراک و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہاکہ ضلع بے نظیر آباد کے 1259 پولیس اہلکار مختلف ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں، وہ چینی باشندوں ، اسکولز ، افسروں ، مذہبی مقامات ، بینکوں اور جیلوں کی حفاظت پر مامور ہیں، امری برج پر بھی پولیس چوکی قائم کی گئی ہے۔
تحریک انصاف کی ڈاکٹر سیما ضیاء کے ایک اور توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ کراچی میں جو نئی سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں ، ان میں انڈر گراؤنڈ کیبلز کی اسکیمیں بھی شامل ہیں، حکومت سندھ نے کراچی پیکیج کے تحت 8 ارب روپے خرچ کیے ہیں اور نئی تعمیر شدہ سڑکوں پر تاریں انڈر گراؤنڈ کر دی گئی ہیں۔
ایم کیو ایم کی خاتون رکن ہیر اسماعیل سوہو کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر بلدیات نے کہاکہ گلستان سرمست ہاؤسنگ سوسائٹی میں جن الاٹیز نے پلاٹوں کی قیمت ادا نہیں کی ، ان کے پلاٹ منسوخ کر دیے گئے ہیں اور وہ پلاٹ نئے الاٹیز کو دیے جائیں گے، اس سوسائٹی میں ترقیاتی کام جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔