اسحاق ڈار کے بعد سیکریٹری خزانہ کی بھی تبدیلی کا فیصلہ

ممکن ہے کہ وزارت خزانہ وزیر اعظم اپنے پاس ہی رکھیں، حتمی فیصلہ نوازشریف کرینگے


Shahbaz Rana November 24, 2017
قائم مقام سیکریٹری کو ایک روز قبل ہی منصب دیا گیا، مشاورتی کونسل بھی زیر غور۔ فوٹو : فائل

مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم نوازشریف رواں ہفتے کے آخر تک ذمے داریوں سے سبکدوش ہونے والے وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار کے متبادل کا انتخاب کریں گے جب کہ ساتھ ہی قائم مقام سیکریٹری خزانہ کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے جنھیں اس منصب پر ایک ہی دن گزرا ہے۔

حکومت کی جانب سے قائم مقام سیکریٹری خزانہ غضنفر عباس جیلانی کی تبدیلی اس بات کا اشارہ ہے کہ حکومت بہت جلد نیا وزیر خزانہ لارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمراں ن لیگ وزیر مملکت برائے خزانہ کی تقرری کے حوالے سے بھی حتمی فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بدھ کو اسحاق ڈار کی جانب سے ناسازی طبع کی وجہ سے دی گئی چھٹی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انھیں ذمے داریوں سے سبکدوش کردیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی رانا افضل خان جو اس وقت پارلیامنی سیکریٹری خزانہ ہیں، وزیر مملکت کے عہدے کے لیے سب سے فیورٹ قرار دیے جارہے ہیں تاہم اس حوالے سے آخری فیصلہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ہی کرینگے تاہم اس بات کے قومی امکانات ہیں کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وزارت خزانہ اپنے پاس ہی رکھیں، اس کے ساتھ ساتھ معاشی معاملات کو چلانے کیلیے ایک ایڈوائزری کونسل کا قیام بھی زیر غور ہے۔ڈار کی جگہ کسی کو لانے سے قبل حکومت قائم مقام سیکریٹری خزانہ کا تقرر کرے گی کیونکہ سیکریٹری فنانس شاہد محمود اس وقت سرکاری دورے پر دیگر حکام کے ساتھ دبئی گئے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ 21 نومبر کو وزارت خزانہ کی جانب سے ایک آفس آرڈر جاری ہوا تھا جس کے مطابق شاہد محمود کے سرکاری دورے کے دوران ایڈیشنل سیکریٹری غضنفر عباس جیلانی سیکریٹری خزانہ کے امور کی نگرانی کرینگے۔ اب وفاقی حکومت نے سیکریٹری خزانہ کا اضافی چارج سیکریٹری اکنامک افیئرز ڈویژن (معاشی امور) عارف احمد خان کو دیا ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو 24گھنٹے میں ملک میں 3 افراد نے سیکریٹری خزانہ کے فرائض سنبھالے۔

خیال رہے کہ ان تبدیلیوں سے لگتا ہے کہ وزیر اعظم وزارت خزانہ اور اس سے متعلقہ اداروں میں سینیٹر اسحاق ڈار کی جانب سے مقرر کیے گئے بیوروکریٹس کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ موجودہ صورتحال میں ایف بی آر میں بھی آئندہ ماہ کچھ اہم تقرریاں اور تبادلے متوقع ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں