ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات نظر آرہے ہیں اگلی حکومت پی پی پی کی ہوگی صدر زرداری

حکومت کی کارکردگی خود مانیٹر کرونگا، علاقائی تجارت کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں،تقریب سے خطاب


سازشوں کے باوجودحکومت نے مدت پوری کی،ماضی کی غلطیوں کودرست کیا،خطاب،کراچی حیدرآبادموٹروے سمیت کئی منصوبوں کاسنگ بنیادرکھ دیا گیا ۔ فوٹو : اے پی پی

صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ حکومت پھرپیپلز پارٹی کی ہوگی اورامن امان ہماری اولین ترجیح ہوگی۔

وہ حیدرآباد کلب میں کراچی حیدرآباد موٹر وے ایم نائن کا سنگ بنیاد رکھنے اور بہن بینظیر بھٹو بستی اسکیم کے تحت غریب اور نادار افراد میں مکانات کی چابیاں تقسیم کرنے اور یرواہ تاسنجرچانگ تک حیدرآبادبدین روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ صدر نے کہاکہ میں نے کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کے دوران یہ واضح ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی اور صرف سیکیورٹی ہماری ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ عوام کے جان و مال کاتحفظ نہیں ہوگاتو باقی تمام چیزیں ثانوی حیثیت رکھتی ہیں،کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کے قیام کواولین ترجیح دی جائے،بہن بے نظیر بھٹو بستی کومزید توسیع دینے کی ضرورت ہے جبکہ سندھ کے تمام دیہات کوریکارڈپرلاکرغریبوں کومالکانہ حقوق دیے جائیں،انھوں نے کہاوہ حکومت کی کارکردگی کی خودمانیٹرنگ کریں گے۔

جمہوری حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات نظر آرہے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال کو پہلی ترجیح دی جائے،معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کا تحفظ بھی ضروری ہے، ہم نے بہت تکلیفیں برداشت کی ہیں آزمائش کے باوجود آگے کا سفر جاری رکھاہے،ایران سے گیس پائپ لائن کا حصول اور گوادر پورٹ کا منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ضروری ہیں،پاکستان علاقائی تجارت کے فروغ پر یقین رکھتاہے،میں کمپیوٹر پر انٹرنیٹ کے ذریعے تمام اضلاع میں ترقیاتی کاموں کی صورتحال سے آگاہ رہتا ہوں ہم ایک سافٹ ویئربھی تیارکرارہے ہیں جس کے بعدہرشخص خودبھی ملک میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کاانٹر نیٹ پر معائنہ کرسکتا ہے۔



ڈھل و آبیانہ اورٹیکس وغیرہ کی ادائیگی بھی آن لائن بنادی جائے گی ۔حیدرآباد کو اس طرح ازسرنو تعمیر کرنے کی ضرورت ہے کہ اس کی پرانی شناخت برقراررہے۔صدر کے دورہ حیدر آباد کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت اقدامات کے باعث عوام کوشدید مشکلات کاسامناکرناپڑا۔علاوہ ازیں صدرنے ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے جھمپرمیں بنائے گئے دراوٹ ڈیم کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا تمام تر مشکلات اور سازشوں کے باوجودپیپلزپارٹی کی حکومت نے اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرکے ملکی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیاہے، ہم نے عوامی حمایت سے ہر سازش کو ناکام بنایا، ہمارے پانچ سالہ دورمیں ملکی ترقی کیلیے جو اقدامات ہوئے اس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے،آنے والے دنوں میں مزید فوائد قوم کو حاصل ہونگے۔

کراچی کے حالات کو ایک سازش کے تحت خراب کیا جا رہا ہے، ہم نے شرپسند عناصر کیخلاف بلاتفریق کاروائی کا حکم دیدیا ہے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو حکومت یقینی بنائے گی،حکومت نے جامع توانائی پالیسی مرتب کی ہے جس کا مقصد بجلی کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنا ہے اگرچہ حکومت کو توانائی کا شدید بحران ورثے میں ملا تاہم اس بحران کے حل کیلیے بڑے اقدامات کیے،حکومت نے سیاسی جماعتوں کے تعاون سے ماضی کی غلطیوں کو درست کیا۔ واضح رہے دراوٹ ڈیم کا80فیصدکام مکمل ہو چکاہے اور یہ اگلے سال تک مکمل ہوجائے گا۔وزیراعلٰی ہاؤس کراچی میں صدرنے حیدرآباد،میرپورخاص ڈوئل کیرج وے کے افتتاح کیااور جھرک ملا کاپل اور نوری آبادمیں دو 50میگا واٹ پاور منصوبوں کاسنگ بنیادرکھا۔صدر نے کہاسندھ میں جن سڑکوں پر ٹریفک کا زیادہ دباؤ ہے وہاں بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی طرز پر سڑکوں کی تعمیر کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں