کراچی میں پولیس سے جھڑپوں میں 16 مظاہرین زخمی

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کرنے کے ساتھ آنسو گیس کا استعمال بھی کیا ہے

مظاہرین کی فائرنگ سے ایس ایچ او میمن گوٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔۔ فوٹوفائل

اسلام آباد آپریشن کے خلاف شہرقائد میں نمائش چورنگی سمیت مختلف مقامات پر دھرنے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہےاحتجاج کے دوران پولیس سے جھڑپوں میں 16 مظاہرین زخمی ہوگئے جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی اسلام آباد آپریشن کے خلاف بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ اسٹار گیٹ پر صورتحال نہایت کشیدہ ہوگئی۔ مظاہرین نے پولیس کا گھیراؤ کرکے ایک موبائل کو یرغمال بنالیاہے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کرنے کے ساتھ آنسو گیس کا استعمال بھی کیا ہے۔ جب کہ 5 افراد کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔

مظاہرین پولیس کی شیلنگ کے باعث مزید مشتعل ہوگئے ہیں اور احتجاجاً سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں کے ٹائر سے ہوا نکالنی شروع کردی ہے۔ ناگن چورنگی پر بھی مظاہرین نے احتجاج کرکے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا ہے جب کہ فائرنگ سے ایس ایچ او میمن گوٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ جب کہ پولیس سے جھڑپوں میں 16 مظاہرین زخمی ہوگئے ہیں جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے 2افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اسلام آباد میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن


نمائش چورنگی پر مذہبی جماعتوں کا دھرنا بھی جاری ہے اور مظاہرین نے اسلام آباد دھرنے کی قیادت سے فون پر بھی رابطہ کیا ہے۔ مظاہرین کی جانب سے شدید نعرے بازی کی جارہی ہے۔

نمائش چورنگی پر دھرنے کے شرکا نے ایم اے جناح روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی ہے۔ جس کے باعث مظاہرین کو منتشر کرانے کے لیے دھرنے کے اطراف مختلف تھانوں کی موبائلیں اور پولیس افسران واہلکار پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ اب تک دھرنے کے اطراف 6 پولیس موبائلیں اور پولیس اہلکار پہنچ چکے ہیں۔ جب کہ دھرنے کی جگہ پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے واٹرکینن بھی پہنچادی گئی ہے۔ تاہم دھرنے کے شرکا نے پولیس کو پر امن رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ٹریفک پولیس نے کیپری سینما سے نمائش جانے والی ٹریفک کو سولجر بازار کی جانب موڑ دیا ہے اور گرومندر سے نمائش جانے والے ٹریفک کو نوائے وقت چوک سے پیپلزسیکریٹریٹ کی جانب بھیجا جارہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اسلام آباد آپریشن کے خلاف ملک بھر میں احتجاج اور دھرنے

دوسری جانب شہر قائد کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کسی کو اپنا احتجاج کرنے کی اجازت ہے۔ تاہم کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کمشنر کراچی اورآئی جی پولیس کو معاملات ٹھیک کرنےاور شہر میں ٹریفک کلئیر کرانے کا حکم دے دیا ہےاورہدایت کی ہے کہ احتجاج کے باعث کسی بھی شہری کے لیے مشکلات پیدا نہ ہوں۔
Load Next Story