سپریم کورٹ میں حدیبیہ کیس کی دوبارہ سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل

جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بنچ تشکیل دیا گیا ہے جو 28 نومبر سے کیس کی سماعت کرے گا

جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 28 نومبر سے کیس کی سماعت کرے گا۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے حدیبیہ کیس کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے نیا بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے حدیبیہ پیپرز ملز کیس کھولنے سے متعلق نیب کی اپیل پر سماعت کے لیے جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ تشکیل دیدیا ہے جو 28 نومبر کو دن 12 بجے کیس کی سماعت کرے گا۔ نئے بینچ میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہیں۔ یہ تینوں ججز پاناما بینچ میں شامل نہیں تھے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : جسٹس آصف سعید کھوسہ نے حدیبیہ کیس سننے سے معذرت کرلی
اس سے پہلے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاناما بینچ کا حصہ ہونے کے باعث حدیبیہ کیس سننے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ رجسٹرار آفس نے کیس غلطی سے بینچ کے سامنے لگا دیا اور شائد رجسٹرار آفس نے پاناما کیس پر میرا فیصلہ نہیں پڑھا، اپنے فیصلے میں حدیبیہ کیس کھولنے کے حوالے سے ایک حد تک فیصلہ دے چکا ہوں، رجسٹرار آفس کو کیس ہمارے بینچ کے سامنے نہیں لگانا چاہیے تھا۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف فیملی کے خلاف حدیبیہ پیپرز ملز مقدمے کو دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔
Load Next Story