کوئٹہ میں ایف سی کمانڈر کی گاڑی پر خودکش حملے میں 6 افراد جاں بحق

دھماکہ خود کش تھا جس میں ایف سی کمانڈنٹ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی

پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔ فوٹو:فائل

سریاب روڈ پر ایف سی کمانڈر کی گاڑی پر بم حملے میں خاتون اور بچی سمیت 6 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ خود کش تھا جس میں ایف سی کمانڈنٹ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے فارنزک ٹیم طلب کرلی گئی ہے۔


ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ گاڑی کمانڈنٹ ایف سی کرنل اشتیاق کو لینے جارہی تھی تاہم کمانڈنٹ ایف سی گاڑی میں موجود نہیں تھے جب کہ حملے میں فورسز کے چار اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایمبولینس اور ایف سی اہلکار فوراً موقع پر پہنچے جب کہ ریسکیواہلکاروں نے ہلاک ہونے والے افراد اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرکے امدادی کارروائیوں کا آغازکردیا ہے۔ ایدھی ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والی خاتون اسپتال میں دم توڑ گئی جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آوازدور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کی وجہ سے لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا جب کہ ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

دریں اثنا حملے میں زخمی ہونے والی 8 سالہ بچی اسپتال میں جاں بحق ہوگئی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی۔
Load Next Story