کراچی فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت3ہلاک مقابلے کے بعد اشتہاری ملزم پکڑا گیا

رضاکاراے ایس آئی ، جیل روڈپر خاتون، سائٹ میں 23سالہ نوجوان قتل،فائرنگ کے دیگر واقعات میں 10افرادزخمی ہوگئے


Staff Reporter March 10, 2013
رنچھوڑلائن کے ایم سی ورکشاپ کے قریب پولیس مقابلہ، ایک ملزم اور2راہگیرزخمی،اشتہاری ملزم قائدآباد سے پکڑاگیا،5لاکھ روپے انعام مقررہے فوٹو: فائل

کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران پولیس اہلکارسمیت 3افرادہلاک ہوگئے۔

جبکہ ڈاکوسمیت 10افرادزخمی بھی ہوئے،پولیس مقابلے کے بعد ایک اشتہاری ملزم کو گرفتارکرلیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق گلشن معمار کرنل فارم ہاؤس کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار پولیس قومی رضاکار کا اے ایس آئی42سالہ محمد نواب شیخ ہلاک ہو گیا، مقتول گلشن معمار میں واقع ایک گوٹھ میں رہائش پزیر اور6بچوں کا باپ تھااس کا آبائی تعلق اندرون سندھ شکار پور سے تھا۔جیل روڈجیل چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے40سالہ نازیہ احسن ہلاک ہو گئی ۔

مقتولہ حیدر آباد کالونی مکان نمبر206 کی رہائشی تھی ،اس کے شوہر کا کارشو روم ہے ،واقعے کے وقت وہ روڈ کراس کر کے اپنے گھر والی گلی میں داخل ہو رہی تھی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ایک آلٹو کار کو ٹارگٹ کر کے5فائر کیے کار سوارتو بچ گیا تاہم خاتون زدمیں آگئی۔سائٹ ایریاباوانی چالی کے قریب فائرنگ سے 23 سالہ ساجدہلاک ہوگیا،ساجد اپنے دوستوں کے ہمراہ گھر کے قریب ہی کھڑا بات چیت کررہا تھا کہ ان کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔

جس پر اس کا دوست مسعود فائرنگ کرکے فرار ہوگیا،ملزم اور مقتول دونوں ایک ہی فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے او ایک ہی گلی کے رہائشی ہیں،پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔چاکیواڑہ کے علاقے مرزا آدم خان روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل سید مظہر علی زخمی ہوگیا،مضروب ماڑی پور تھانے میں تعینات اور بکل نمبر 7537 ہے۔جوڑیا بازار میں لیاری گینگ وارملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ فاضل اور 14 سالہ محمد سکندر علی زخمی ہوگئے ۔



دونوں متحدہ قومی موومنٹ کے ہمدردتھے۔اورنگی ٹاؤن پانچ نمبرکے قریب فائرنگ سے 25 سالہ محمد عارف زخمی ہوگیا۔سہراب گوٹھ الا آصف اسکوائر کے رہائشی30شاہد،سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سعید آباد24کی مارکیٹ کے قریب 30سالہ فیصل،بلدیہ ٹاؤن لیبراسکوائر کے قریب فائرنگ سے 18 سالہ فضل رحیم زخمی ہوگیا،رنچھوڑ لائن کے ایم سی ورکشاپ کے قریب 3ملزمان حنیف نامی شخص سے اس کی بغیررجسٹریشن کی موٹر سائیکل چھین رہے کہ عید گاہ پولیس موقع پرپہنچ گئی۔

پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کر دی پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم27سالہ فاروق جبکہ طرفہ فائرنگ کی زد میں آکر2راہگیر30سالہ زبیر اورعمران زخمی ہو گئے ۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے دو ساتھی رشیدعرف اکبر اور عبدالستار فرار ہو گئے جبکہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے قائد آباد کے علاقے سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم ممتازعلی عرف ممتوکوگرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے ایک پستول برآمد کر لی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ڈسٹرکٹ خیر پور پولیس کو قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی ، رہزنی ، ہاؤس رابری ، ہائی وے رابری ، اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا ، گرفتار ملزم نے ایس ایچ او بی سیکشن امام بخش کورائی ، ایک اے ایس آئی اور ایک اہلکار کو ٹارگٹ کلنگ میں فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا ، ملزم کی گرفتاری پر حکومت سندھ نے5لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا،گرفتارملزم کے ایک ساتھی دھنوکودوہفتے قبل اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |