اسلام آباد آپریشن کے خلاف پشاور میں مظاہرے اور دھرنے

مظاہرین نے آپریشن نہ روکنے پر پرتشدد مظاہروں کی دھمکی دے دی

مظاہرین نے آپریشن نہ روکنے پر پرتشدد مظاہروں کی دھمکی دے دی ۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد آپریشن کے خلاف پشاور میں بھی مظاہرے اور دھرنے جاری ہیں جب کہ مظاہرین نے پرتشدد احتجاج کی دھمکی دے دی ہے۔

اسلام آباد آپریشن کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاور میں بھی مظاہرین کا دھرنا جاری ہے۔ دھرنے کے شرکاء نے پشاور پریس کلب سے گورنر ہاؤس تک احتجاجی مارچ کیا جس کے باعث صدر روڈ بھی ٹریفک کے لئے بند ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسلام آباد آپریشن زیادتی ہے، حکومت کی اپنی غفلت کے باعث پولیس اہلکار جاں بحق ہوا جس میں دھرنے کے شرکاء کا کوئی ہاتھ نہیں، دھرنے کے شرکاء پر طاقت کا استعمال کرکے بے گناہ افراد کو گرفتار کیا گیا جنہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔


مظاہرین نے پشاور پریس کلب اور کارخانو بازار میں احتجاجی مظاہرے کیے اور بعد ازاں جمیل چوک میں جمع ہوگئے اور روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا جو رات گئے تک بند رہا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے آپریشن نہیں روکا اور زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم نہ کی گئیں تو وہ پرتشدد مظاہروں پر اتر آئیں گے اور اس تمام تر صورت حال کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔




Load Next Story