بالی ووڈ انڈسٹری ’’پدماوتی‘‘ کیلیے میدان میں آگئی

فلم کی حمایت کے لیے شوبز انڈسٹری نے اسٹوڈیوز میں بلیک آؤٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے


ویب ڈیسک November 25, 2017
فلم ریلیز کرنے پر شدت پسند تنظیم راجپوت کرنی سینا نے پرتشدد احتجاج کی دھمکی دے رکھی ہے،فوٹو:فائل

بالی ووڈ فلم پدماوتی کو ملنے والی دھمکیوں کے خلاف شوبز انڈسٹری میدان میں آگئی، فلم کی حمایت کے لیے کل شوبز انڈسٹری میں 15 منٹ کے لیے بلیک آؤٹ کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین فلمز اینڈ ٹی وی ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن (آئی ایف ٹی ڈی اے) سمیت بھارتی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کی 20 د یگر چھوٹی بڑی تنظیموں نے مل کر فلم پدماوتی کی حمایت اور آزادی اظہار رائے کے حق میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انڈسٹری میں 15 منٹ کے لیے مکمل بلیک آؤٹ کیا جائےگا۔

یہ پڑھیں: پدماوتی نے ریلیز سے پہلے ہی انسانی جان کی بھینٹ لے لی

آئی ایف ٹی ڈی اے کے عہدے دار اشوک پنڈت کا کہنا ہے کہ ہم سب مل کر فلم پدماوتی اور فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی سے اظہار یکجہتی کریں گے کیوں کہ یہ ایک فنکار کا بنیادی حق ہے کہ وہ کسی کہانی کو اپنے طریقے سے بیان کرے، سنجے ایک ذمہ دار فلم ساز ہیں، تاریخی واقعات پر فلم بنانا آسان کام نہیں اور یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں فلم انڈسٹری کے افراد اس کل اتوار کو ممبئی میں جمع ہوں گے اور شہر کے تمام فلم میکنگ کے اسٹوڈیوز کی لائٹس 15 منٹ کے لیے بجھا کر ہر قسم کا کام روک دیا جائےگا، اس احتجاج کو ''میں آزاد ہوں'' کا نام دیا گیا ہے، ہم بحیثیت فلم انڈسٹری کے ارکان ہر ایسے موقع پر بے عزتی محسوس کرتے ہیں جب ہمیں نشانہ بنایا جاتا ہے یا ہمارے آزادی اظہار رائے کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ فلم پدماوتی کو یکم دسمبر کو ریلیز کیا جانا تھا تاہم بھارتی سنسر بورڈ کی جانب سے سرٹیفکیٹ نہ ملنے، شدت پسند تنظیم راجپوت کرنی سینا کی جانب سے دھمکیوں کے بعد سنجے لیلا بھنسالی نے فلم کی ریلیز از خود موخر کردی، راجپوت برادری کا الزام ہے کہ فلم میں تاریخی حقائق کو مسخ کرتے ہوئے رانی پدماوتی کے کردار کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |