کامران اکمل نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی آس لگالی

پلیئرز کا کام پرفارمنس دکھانا ہے، قائداعظم ٹرافی کے بعد ٹی 20 میں بھی رنز اسکور کردیے، بیٹسمین


نبیل طاہر November 26, 2017
ہر کرکٹر ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی اسی توقع کیساتھ دکھاتا ہے کہ قومی ٹیم میں جگہ بناسکے، کامران اکمل۔ فوٹو: فائل

کامران اکمل نے ایک بار پھرانٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی آس لگالی۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں 150رنز کی اننگز کھیلنے کیساتھ سلمان بٹ کے ہمراہ اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے کامران اکمل ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں، جمعہ کو میچ میں لاہور وائٹس کی جانب سے کھیلتے ہوئے کسی بھی بولر کو خاطر میں نہ لانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین نے ایکسپریس ٹریبیون کو انٹرویو میں کہا کہ میں وہی کررہا ہوں جو ایک کھلاڑی کو کرنا چاہیے،دونوں فارمیٹس میں رنز بنائے ہیں، قائد اعظم ٹرافی کے بعد قومی ٹی ٹوئنٹی میں بھی کارکردگی دکھائی، انہوں نے کہا کہ میں صرف اپنے کھیل پر توجہ دے رہا ہوں، باقی کام بورڈ اور سلیکٹرز کا ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ ہر کرکٹر ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی اسی توقع کیساتھ دکھاتا ہے کہ قومی ٹیم میں جگہ بناسکے، تسلسل کیساتھ رنزاور ریکارڈز بنارہا ہوں، یہی کرسکتا ہوں،امید ہے کہ سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔

ایک سوال کے جواب میں کامران اکمل نے کہا کہ ہر فارمیٹ میں فٹنس کامیابی کی کنجی ہے، اس پر بھرپور توجہ دے رہاہوں، قومی ٹی ٹوئنٹی میں پاؤں زخمی ہونے کے باوجود طویل اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوا، اوپنر کے طور پر جانے کے بعد پورے اوورز کھیل کر ناٹ آؤٹ واپس آنے کیلیے کھلاڑی کا سپر فٹ ہونا ضروری ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔