یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو مالی بحران کا سامنا

وفاقی حکومت نے سبسڈی کی مد میں اربوں روپے کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی۔

سال بھر بھی یوٹیلٹی اسٹورزپر ملک بھر کے عوام کو دالیں، چاول، چینی، آٹا، مشروبات اور دیگر اشیا رعایتی نرخوں پر فراہم کی جاتی ہیں. فوٹو : فائل

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یوایس سی) آف پاکستان کو وفاقی حکومت کی جانب سے سبسڈی کی مد میں اربوں روپے کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی جاسکی جس کے باعث کارپوریشن کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کو وفاقی حکومت کی جانب سے سبسڈی کی مد میں 3ارب روپے کی ادائیگیاں نہیں کی جا سکی جس کے باعث کارپوریشن کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے اور ملازمین کوتنخواہیں بھی تاخیر کا شکار ہو رہی ہے۔


یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عوام کو رعایتی اشیا کی فراہمی کیلیے ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خورد ونوش میں سبسڈی دی جاتی ہے، سال بھر بھی یوٹیلٹی اسٹورزپر ملک بھر کے عوام کو دالیں، چاول، چینی، آٹا، مشروبات اور دیگر اشیا رعایتی نرخوں پر فراہم کی جاتی ہیں جبکہ رمضان المبارک کے مہینے میں ان اشیا پر ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر خصوصی سبسڈی بھی وفاقی حکومت کی جانب سے دی جاتی ہے، عوام کو سستی اشیا کی فراہمی کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان مختلف کمپنیوں سے اشیائے خوردونوش خریدتی ہے جن کو وفاقی حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی سے بھی ادائیگیاں کی جاتی ہیں، گزشتہ رمضان میں بھی 2400 سے زائد اشیا پریوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے 10 فیصدتک کی رعایت دی، اس کے علا وہ آٹا، چینی، گھی، مختلف دالوں، چاول، کھجور، دودھ سمیت 18اشیا ضروریہ پر کارپوریشن نے خصوصی سبسڈی دی۔

ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب عام دنوں اور رمضان کے دنوں کی سبسڈی کی مد میں اس وقت تک وفاقی حکومت پر واجب الادا 3ارب روپے تک کی رقم ہے جس کے لیے کارپو ریشن کو وفاقی حکومت کی جانب سے ادائیگی نہیں کی جا رہی ہے اور اسی وجہ سے ادارے کومالی بحران کا سامنا ہے اور ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔

 
Load Next Story