ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سانحہ بادامی باغ قائد اعظم کے پاکستان پر حملہ ہے، پنجاب حکومت کو واقعے کی ذمہ داری قبول کرکے مستعفی ہوجانا چاہیے۔
کراچی پریس کلب کے سامنے مختلف اقلیتی رہنماؤں کے ہمراہ مظاہرے کے دوران خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پاکستان بنانے میں مسیحی برادری بھی ساتھ تھی، پاکستان بنانے میں مسیحی برادری کا بھی اتنا کردار ہے جتنا مسلمانوں کا ہے۔ بادامی باغ واقعے کے ذریعے پنجاب میں قائد اعظم کے پاکستان پر شب خون مارا گیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سانحہ گوجرہ کے ملزمان کو انصاف کے کٹھہرے میں لاتی تو شاید آج بادامی باغ کا واقعہ رونما نہ ہوتا۔ اس واقعے کی مذمت کافی نہیں بلکہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے لیکن اس کیلئے پنجاب حکومت کوئی اقدامات نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم یہ سمجھتی ہے کہ پنجاب حکومت کی آشیرواد کے بغیر یہ واقعات نہیں ہوسکتے۔ سانحہ بادامی باغ کے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک پاشی کی جارہی ہے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن رضا ہارون کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے معلومات ہونے کے باوجود ایکشن نہیں لیا۔ بادامی باغ میں سیکڑوں مسیحی خاندانوں کے گھر اجاڑ کر پاکستان کا دنیا میں نام روشن کرنے والے شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ پاکستان میں عوام کے ساتھ کوئی کھڑا ہویانہ ہوالطاف حسین اور متحدہ قومی موومنٹ ہمیشہ کھڑی ہوگی۔