مختلف شہروں میں دھرنے اور ہڑتال کراچی میں درجنوں مظاہرین گرفتار

لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستے بند، میرپور میں منگلا پل پر دھرنے کے نتیجے میں پاکستان کا آزاد کشمیر سے رابطہ منقطع

کراچی میں سہراب گوٹھ پر دھرنے کے باعث ٹرک، ٹرالرز اور ٹینکرز کی لمبی قطاریں لگ گئی۔ فوٹو: آئی این پی

KARACHI:
اسلام آباد آپریشن کے خلاف کراچی اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں دھرنے دیے گئے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد آپریشن کے خلاف کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر میں دھرنے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں کاروبار زندگی متاثر ہوگیا ہے۔ متعدد شہروں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ مظاہرین نے اہم شاہراہوں کو بلاک کرکے احتجاج کیا جس کے نتیجے میں سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔ احتجاجی مظاہرین کاغذات نامزدگی میں ختم نبوت سے متعلق شق میں ترمیم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے بازے کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ہائی وے پر رینجرز اور مظاہرین میں جھڑپ، گاڑیاں نذر آتش

کراچی کے مختلف علاقوں سہراب گوٹھ، لیاقت آباد، ملیر، بلدیہ ٹائون اور اورنگی ٹائون میں دھرنے دیے گئے اور احتجاج کیا گیا جب کہ مرکزی دھرنا نمائش چورنگی پر 9 روز سے جاری ہے۔ سہراب گوٹھ پر دھرنے کے باعث ٹرک، ٹرالرز اور ٹینکرز کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جب کہ صدر میں پارکنگ پلازہ کے قریب نامعلوم افراد نے ٹھیلوں کو آگ لگادی ہے۔ سعود آباد پولیس نے ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں 35 افراد کو حراست میں لے کر مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔


لاہور میں تحریک لبیک کے علما اور کارکنوں کا شاھدرہ چوک میں دھرنا جاری ہے۔ بسیں اور ٹرک ٹرالیاں کھڑی کر کے شاھدرہ چوک کو چاروں اطراف سے بند کردیا گیا ہے۔ نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرہ کی طرف جانے والے تمام راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور فیروز پور روڈ پر کنٹینر کھڑے کردیے گئے ہیں۔ مظاہرین نے بھی داخلی راستوں پر کنٹینرز لگا رکھے ہیں جس کی وجہ سے لاہور شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب میرپور میں پاکستان کو آزاد کشمیر سے ملانے والے منگلا پل پر احتجاجی دھرنا دیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کا آزاد کشمیر سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ ملتان، فیصل آباد، ڈسکہ، بورے والا، فیروز والا اور فاروق آباد میں بھی احتجاج اور دھرنا جاری ہے۔ ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئی ہیں جب کہ بازاروں کو زبردستی بند کروا دیا گیا۔ کنگن پور میں کراچی جانیوالی فرید ایکسپریس کو مظاہرین نے روک لیا۔

کامونکے میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ہے اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک مکمل طور پر بند ہے۔ بورےوالا میں ملتان روڈ پر نہر کے پل پر دھرنا جاری اور ٹریفک بند ہے۔ ادھر پشاور میں موٹروے اسلام آباد کی جانب سے بند ہے۔ قصور میں بھی تحریک لبیک کے کارکنان کی جانب سے حکومت کے خلاف مظاہرے دوسرے روز بھی جاری ہیں۔

حیدرآباد، سکھر، بدین، نوابشاہ، ٹنڈوالہیار، ٹنڈوآدم، کوٹری میں مذہبی جماعتوں کا دھرنا جاری ہے اور شہروں میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ تاندلیانوالہ میں لکڑمنڈی سے مذہبی جماعت نے ریلی نکالی۔ مانانوالہ، گوجرانوالہ، ہارون آباد، تلہ گنگ، کندھ کوٹ میں بھی احتجاج جاری ہے۔
Load Next Story