سعودی عرب میں دنیا کا سب سے بڑا کیمیکل پلانٹ لگانے کا معاہدہ

یہ انڈسٹریل کمپلیکس 20 ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہوگا جس سے 30 ہزار افراد کو روزگار ملے گا


ویب ڈیسک November 27, 2017
اس انڈسٹریل کمپلیکس میں خام تیل سے کیمیکل تیار کیا جائے گا، فوٹو: فائل

SYDNEY: سعودی عرب میں 20 ارب ڈالر کی لاگت سے دنیا کا سب سے بڑا کیمیکل پلانٹ لگانے کا معاہدہ طے پاگیا جس کے ذریعے ریاست میں 30 ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی۔

عرب نیوز کے مطابق اس ضمن میں اتوار کو سعودی آئل کمپنی آرامکو اور سابک (سعودی عربین بیسک انڈسٹریز کوآپریشن) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کردیے گئے جس کے مطابق 20 ارب ڈالر کی لاگت سے دنیا کا سب سے بڑا کیمیکل پلانٹ لگایا جائے گا جس میں خام تیل (کروڈ آئل) آئل کے ذریعے کیمیکل بنایا جائے گا، اس اقدام کا مقصد تیلی کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باعث پیدا شدہ مالی بحران کو کیمیکل کی فروخت سے سہارا دینا ہے اور سعودی عرب کے دو بڑے صنعتی اداروں کی شراکت داری سے ایک نئی جدت پیدا کرنا ہے۔

سابک کے سی ای او عبداللہ البنیان نے عرب نیوز کو بتایا کہ یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030ء کے تحت اٹھایا جارہا ہے جس کے ذریعے صنعتی شعبے کی سرمایہ کاری میں یک دم اضافہ ہوگا اور مقامی افراد کے لیے نوکریاں پیدا ہوں گی، اس انڈسٹریل کمپلیکس سے ریاست کی اقتصادی نمو میں اضافے میں مدد ملے گی۔

سعودی تیل کمپنی آرامکو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ کمپلیکس سال 2025ء تک مکمل ہوکر کام شروع کردے گا، اس میں یومیہ 4 لاکھ بیرل خام تیل پروسس کیا جائے گا جس سے سالانہ مد میں تقریباً 9 ملین ٹن کیمیکل حاصل ہوگا،آرامکو اور سابک کے مطابق اس ضمن میں دونوں کمپنیاں یکساں رقم کی سرمایہ کاری کریں گی، کمپلیکس کے نتیجے میں بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 30 ہزار سے زائد افراد کو روزگار حاصل ہوگا جس سے سعودیہ عرب کی جی ڈی پی میں 1.5 فیصد حصہ شامل ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔