گرد اور مٹی سے نزلہ زکام اور کھانسی کے امراض بڑھنے لگے

کھانسی میں ادرک،شہد،وٹامن سی،الائچی اوردارچینی کااستعمال مفیدہے، پتے والی سبزیاں استعمال کی جائیں، ڈاکٹر سجاد


Staff Reporter November 27, 2017
ترقیاتی کاموں اور ادھڑی ہوئی سڑکوں سے گردو غبار میں اضافہ ہوا، شہری کھانسی کے دوران دودھ سے تیار اشیا سے احتیاط کریں۔ فوٹو؛ فائل

کراچی میں موسم تبدیل ہوتے ہی شہریوں میں الرجی نزلے اور کھانسی کی بیماریاں بڑھ گئیں شہر میں جابجا ترقیاتی کاموں اور ادھڑی سڑکوں سے اٹھنے والی دھول مٹی اور گردوغبار بھی نزلہ، زکام اور کھانسی کے امراض بڑھنے کی وجہ ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کھانسی کو دور کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ادرک ،شہد، وٹامن سی، الائچی اور دارچینی کا استعمال مفید ہے جب کہ ساتھ ہی ماہرین کھانسی کے دوران بعض چیزوں سے بچنے کا بھی مشورہ دیتے ہیں دوران کھانسی ٹھنڈے دودھ کا استعمال مضر ہے اس لیے اس سے پرہیز کیا جائے ٹھنڈا دودھ پینے سے بلغم بڑھتا ہے جو سینے کی تکلیف کا باعث بنتا ہے اور ساتھ ہی اس سے گلے میں خراش پیدا ہوتی ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر قیصر سجاد کے مطابق کھانسی کے دوران تمام دودھ سے تیار اشیا سے احتیاط کرنا چاہیے کھانسی کے دوران پانی زیادہ پینا چاہیے جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونی چاہیے ، پانی زیادہ پینے سے گلہ خشک نہیں رہتا جب کہ نیم گرم پانی پینے سے گلے کی خشکی دور ہوتی ہے اور ساتھ ہی گلے کی سوجن بھی ختم ہوجاتی ہے۔

سردی کے موسم میں کھانسی کے دوران چائے کافی اور ایسے مشروبات سے پرہیز کرنا چاہیے جن میں کیفین شامل ہو دوران کھانسی زیادہ میٹھی غذا نہیں کھانی چاہیے کیوں کہ اس سے کھانسی میں اضافہ ہوجاتا ہے جبکہ وائٹ بریڈ ،پاستہ، چپس اور مصنوعی ذائقے کی مٹھائیوں کے بجائے پتے والی سبزیوں کا استعمال کرنا چاہیے۔

کھانسی کے دوران تلی ہوئی غذا کا سختی سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ تلی ہوئی چیزیں گلے میں چکناہٹ پیدا کر دیتی ہیں جو مزید تکلیف کا سبب بنتا ہے جب کہ ماہرین کے مطابق دوران کھانسی کھٹی چیزیں کھانے اور پینے سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ اس میں موجود ایسیڈک ایسڈ گلے کے غدود کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں