ناگپور ٹیسٹ میں بھارت کی سری لنکا کے خلاف ریکارڈ ساز فتح

بھارت نے مہمان ٹیم کو اننگز اور 239 رنز کے بڑے مارجن سے ہرایا

ویرات کوہلی مین آف دی میچ قرار پائے ۔ فوٹو : اے ایف پی

بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو اننگز اور 239 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیتے ہوئے ریکارڈ ساز فتح حاصل کرلی۔

میچ کے آخری روز 405 رنز کے خسارے سے دوچار سری لنکن ٹیم نے ایک وکٹ پر 21 رنز سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید 384 رنز درکار تھے تاہم پوری ٹیم 166 رنز پر پویلین لوٹ گئی، کپتان دنیش چندیمل 61 رنز بنا سکے، روی چندرن ایشون نے 4 جب کہ اشانت شرما، رویندرا جدیجا اور امیش یادیو نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں205 رنز بنائے، جس کے جواب میں بھارت نے کپتان ویرات کوہلی کی ڈبل سنچری اور مرلی وجے، چتیشور پجارا اور روہت شرم کی سنچریز سے تقویت پاتے ہوئے 6 وکٹ پر 610 رنز کا پہاڑ کھڑا کرتے ہوئے اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ ویرات کوہلی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں :ویرات کوہلی بریڈمین، کلارک اور اسمتھ سے آگے نکل گئے

بھارتی ٹیم کی2017 میں انٹرنیشنل میچز میں 32 ویں فتح ہے، بھارت کی جانب سے ٹیسٹ میچ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف یہ سب سے بڑی فتح جب کہ سری لنکا کی سب سے بڑی شکست ہے، اس سے قبل ایک سال میں سب سے زیادہ بھارتی فتوحات 31 تھیں جو انہوں نے گزشتہ سال حاصل کیں۔ سری لنکن ٹیم کی 2017 میں طویل فارمیٹ میں یہ 7 ویں شکست ہے۔

واضح رہے کہ بارش سے متاثرہ پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم میچ کو ڈرا کرنے میں کامیاب رہی تھی، سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 2 دسمبر سے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم دہلی میں کھیلا جائے گا۔
Load Next Story