کرداروں کے لیے وزن میں اضافہ کرنے والے اداکار

اداکارکرداروں میں حقیقت کا رنگ بھر نے کے لئے اپنے وزن میں اضافہ کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے


ویب ڈیسک November 28, 2017
بالی ووڈ میں کئی ایسی مثالیں موجود ہیں جنہوں نے خود کو کردار میں ڈھالنے کے لیے وزن میں بےتحاشہ اضافہ کیا؛ فوٹوفائل

آپ نے اداکاروں کو کردارکے مطابق وزن میں کمی کرتے ہوئے تو کئی بار دیکھا اور سنا ہوگا تاہم یہ اداکارکرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے اپنے وزن میں اضافہ کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔

بالی ووڈ میں کئی ایسی مثالیں موجود ہیں جنہوں نے خود کو کردار میں ڈھالنے کے لیے اپنے وزن میں بےتحاشہ اضافہ کیا بعدازاں کڑی محنت اور مسلسل کوشش کے بعد وزن میں کمی کرکے دیکھنے والوں کو حیران بھی کیا۔ اس کی سب سے بڑی مثال اداکار سلمان خان، عامر خان اور اداکارہ ودیا بالن ہیں جنہوں نے کرداروں کی ڈیمانڈ کے مطابق نہ صرف اپنے وزن میں اضافہ کیا بلکہ شوٹنگ کے اختتام کے بعد وزن میں کمی کرکے سب کو حیران بھی کیا۔

انوشکا شیٹھی:



بالی ووڈ اور ساؤتھ انڈین فلموں کی نامور اداکارہ انوشکا شیٹھی کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کی مشہوراداکاراؤں میں ہوتا ہے تاہم انہیں حقیقی شہرت گزشتہ برس ریلیز ہوئی فلم'باہو بلی2' سے ملی جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ دوسال قبل 2015 میں انوشکا نے فلم 'سائززیرو' کے لئے اپنے وزن میں20 کلو اضافہ کیا تھا۔ موٹاپے اوربڑھے ہوئے وزن کو دوبارہ اپنی اصلی حالت میں لانا نہایت مشکل کام ہوتا ہے تاہم انوشکا نے یہ مشکل کام بہت خوبی سےانجام دیا اورآج ان کا شمار بالی ووڈ کی دبلی پتلی اور حسین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔

رنبیر کپور:



بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو اداکار رنبیر کپور بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ آج کل ان کی آنے والی فلم جو اداکار سنجے دت کی سوانح حیات پر مبنی ہے کا بڑا تذکرہ ہورہا ہے۔ اسی فلم میں انہوں نے کردارمیں حقیقت کا رنگ بھرنے اور سنجے دت کی طرح نظرآنے کے لیے اپنے وزن میں 13 کلو اضافہ کیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: گنیش آچاریا کے وزن میں 85 کلو کمی

ودیا بالن:



فلم 'پرینیتا' سے فنی سفرکا آغازکرنے والی اداکارہ ودیا بالن کا شمار بالی ووڈ کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہےتاہم انہیں حقیقی شہرت فلم 'ڈرٹی پکچر' سے ملی جس میں انہوں نے کافی بولڈ کردارادا کیا تھا، اسی فلم کے لیے انہوں نے اپنے وزن میں 12 کلو اضافہ کیا تھا۔ اس فلم کے بعد ودیا بالن نے اپنے وزن میں کمی کرنے کی جانب زیادہ توجہ نہیں دی اوران کے وزن میں معمولی سی کمی ہوئی ہے۔

سلمان خان:



بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے 2016 میں ریلیز ہوئی فلم'سلطان' میں پہلوان کا کردار نبھانے کے لئے اپنے وزن میں 15 سے 20 کلو اضافہ کیا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی تھی اوراب انہوں نے اپنی آنے والی فلم'ریس 3' کے لیے وزن میں7 سے 8 کلو کمی کی ہے۔

بھومی پانڈیکر:



فلم'ٹوائلٹ ایک پریم کتھا' میں اداکار اکشے کمار کے مقابل مرکزی کردارادا کرنے والی اداکارہ بھومی پانڈیکرنے دوسال قبل 2015 میں فلم'دم لگا کے ہائی شا' کے لیے 22 کلو وزن بڑھایا تھا جس کے بعد ان کا وزن 90 کلو ہوگیا تھا تاہم فلم کی ریلیز کے بعد بھومی نے کڑی محنت کے بعد صرف 4 ماہ میں اپنے وزن میں 21 کلو کمی کی۔

عامر خان:



بالی ووڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہوراداکارعامر خان نے فلم 'دنگل' میں پہلوان مہاویرسنگھ پھوگٹ کے کردار کے لیے وزن میں 22 سے 25 کلو تک کا اضافہ کیا تھا بعد ازاں اسی فلم کے لیے انہوں نے حیرت انگیز طورپرچند مہینوں میں اپنے وزن میں 28 کلو کی کمی کرکے سب کو حیران کردیا۔

رانی مکھرجی:



اپنی خوبصورت آنکھوں سے تمام لوگوں کو دیوانہ بنانے والی اداکارہ رانی مکھرجی نے 2014 میں ریلیز ہوئی فلم'مردانی' کے لیے اپنے وزن میں 12 کلو اضافہ کیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کونکونا سین کے وزن میں حیرت انگیزکمی

اداکار پربھاس:



پربھاس بھارتی ساؤتھ انڈین فلم کے جانے مانے اداکارہیں تاہم فلم 'باہو بلی2' نے انہیں راتوں رات بالی ووڈ کے صف اول اداکاروں کے ساتھ لاکھڑا کیا۔ فلم 'باہوبلی2' کے لیے انہوں نے اپنے وزن میں 20 کلو اضافہ کیا تھا جس کے بعد ان کا وزن 130 کلو ہوگیا تھا۔ پربھاس نے اس بارے میں ایک انٹرویو کے دوران بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزن میں اضافے کے لیے انہوں نے اپنی من پسند چیزیں خوب دل بھرکرکھائی تھیں جن میں مٹھائیوں کے ساتھ ان کی پسندیدہ ڈش بریانی بھی شامل تھی۔

رانا دگوبتی:



فلم'باہو بلی' نے جہاں انوشکا شیٹھی اوراداکار پربھاس کو شہرت بخشی وہیں فلم کے ولن رانا دگوبتی کو بھی شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔ رانا دگو بتی نے فلم کے لیے اپنے وزن میں 16 سے 20 کلو اضافہ کیا تھا جس کے بعد ان کا وزن 112 کلو ہوگیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں