سوئی گیس حكام كا کوئٹہ میں شہریوں كو گیس كی فراہمی میں ناكامی كا اعتراف

سوئی سدرن گیس کوئٹہ میں گیس ٹمپرنگ کے باعث خسارے میں ہے، گیس کمپنی حکام

گیس نعمت خداوندی ہے اس كا استعمال احتیاط سے كیا جائے،علماءكرام ۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI:
سوئی سدرن گیس كمپنی کے حكام نے شہریوں كو بلاتعطل گیس كی فراہمی میں ناكامی كا اعتراف کرلیا۔

موسم سرما میں حفاظتی و آگاہی مہم كے حوالے سے كوئٹہ پریس كلب میں منعقدہ سیمینار كے شركا سے خطاب كرتے ہوئے سوئی سدرن گیس كمپنی كے سینئر منیجر سید الدین لاڑک كا كہنا تھا كہ سوئی سدرن گیس کوئٹہ میں گیس ٹمپرنگ کے باعث خسارے میں ہے، كوئٹہ میں ڈھائی لاكھ صارفین كو گیس فراہم كی جارہی ہے، شہر کے تمام علاقوں کو جلد گیس فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں 100 کنکشن تھے وہاں ایک ہزار کنکشن لگے ہیں جب کہ آبادی میں اضافے کے باعث گیس پریشر کی کمی کاسامنا ہے، گیس پریشر میں کمی کا واحد ذریعہ استعمال میں بے جا اسراف روکنے میں ہے جس كے لئے اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔


سوئی سدرن گیس كمپنی كے سینئر مینجر کا مزید کہنا تھا کہ موسم سرما كے دوران معمولی بے احتیاطی اور لاپرواہی سے قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچانے كیلئے علماءكرام اور میڈیا كو اپنا كردار ادا كرنا ہوگا۔

تقریب كے شركاءسے خطاب كرتے ہوئے علماءكرام كا كہنا تھا كہ گیس نعمت خداوندی ہے اس كا استعمال احتیاط سے كیا جائے، گیس قومی امانت ہے اس كی چوری سے بچنا ہوگا، اس ذمہ داری كو پورا کرنے كے لئے معاشرے كے ہر فرد كو اپنا کردار ادا كرنا ہوگا۔
Load Next Story