نگراں وزیراعظم کیلئے 3 نام کل وزیراعظم کو بھجوا دیئے جائیں گے چوہدری نثار

ہمارا بنیادی مقصد ہے کہ آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن کے ذریعے شفاف انتخابات ہو، چوہدری نثارعلی


ویب ڈیسک March 11, 2013
نگراں وزیراعظم کے لئے ہمارے تجویز کردہ نام حکومت کو مذاق لگ رہےہیں،حکومت بلوچستان اورسندھ میں نگراں حکومتوں کے قیام کے لئے جو کررہی ہے وہ اسے مذاق نہیں لگتا، چوہدری نثارعلی فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورمسلم لیگ(ن) کے رہنما چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے لئے 3ناموں پر تحریک انصاف سمیت دیگرجماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور یہ تینوں نام کل وزیراعظم راجا پرویز اشرف کو بھجوا دیئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے لئے ہمارے دیئے گئے نام حکومت کو مذاق لگ رہے ہیں لیکن میں اس عہدے کے لئے جہانگیر بدر یا قمر زمان کائرہ کا نام تو نہیں لے سکتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں حکومت کو اپنے کئے گئے مذاق نظر نہیں آ رہے، سندھ میں ایم کیو ایم کو 5 سال اقتدار کا حصہ بنانے کے بعد 10 دنوں کے لئے اپوزیشن میں بھیج دینا اور اب اسی جماعت کے ساتھ مشاورت کرنا ان کو مذاق نہیں لگتا۔

چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ ملک کے تمام با اعتبار ادارے عدلیہ، الیکشن کمیشن یہ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ ہم نے جو یہ 3 نام دیئے ہیں وہ قومی مفاد میں ہیں یا اس میں ہمارا کوئی سیاسی مقصد شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے ہم نے پنجاب میں بھی ہوم ورک مکمل کر لیا ہے اوراس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام جماعتوں سے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر مشاورت مکمل کرلی ہے۔


قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد ہے کہ آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن کے ذریعے شفاف انتخابات ہوں اور اس میں مسلم لیگ(ن)بطور اپوزیشن اور بطور پنجاب کی حکمران جماعت کے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |