مصباح کا ستارہ گردش میں آگیا 9 ماہ کے دوران ایک ففٹی

جنوبی افریقہ کو بیٹنگ دیکر 315 رنز بنوادیے،عرفان کو ڈراپ کرکے اہم ایڈوانٹیج گنوایا۔


Sports Desk March 12, 2013
پہلے ون ڈے کے دوران پچ میں نمی کی وجہ سے پروٹیز کو بیٹنگ کی دعوت دی، کپتان فوٹو: فائل

پاکستانی ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق کا ستارہ گردش میں آگیا۔

رنز پہلے نہیں بن رہے تھے اب فیصلے بھی غلط ہونے لگے، انھوں نے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو ٹاس جیت کر بیٹنگ دے کر315 رنز بنوا دیے جبکہ پیسر محمد عرفان کو ڈراپ کر کے اہم ایڈوانٹیج گنوایا، سینئر بیٹسمین نے 9 ماہ کے دوران 14 ون ڈے میچز میں محض ایک ہی نصف سنچری بنائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مصباح ان دنوں شدید دبائو کا شکار ہیں، حالیہ کچھ عرصے کے دوران کپتان کا بیٹ کچھ خاموش سا ہے، گذشتہ 14 میچز میں محض ایک نصف سنچری ہی ان کے نام درج ہو سکی، وہ بھی 16 جون 2012 کو سری لنکا کیخلاف بنائی تھی، بطور کپتان آخری 11 میں سے 7 میچز میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایسے میں قسمت بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہی اور فیصلے غلط ثابت ہونے لگے ہیں۔



اتوار کو پہلے ون ڈے میں مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دے دی، جس نے سازگار وکٹ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 315 رنز بنا دیے، کپتان نے طویل القامت فاسٹ بولر محمد عرفان کو نہ کھلا کر بھی ایک ایڈوانٹیج گنوا دیا، میڈیا کے استفسار پر مصباح نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کے فیصلے کا دفاع کیا۔

انھوں نے ایک بار پھر سابقہ راگ الاپتے ہوئے کہا کہ پچ میں نمی کے سبب گیند سوئنگ ہو رہی تھی اس لیے اپنے بولرز کو پہلے صلاحیتیں آزمانے کا موقع دیا، انھوں نے کہا کہ ہاریں تو ہر فیصلہ ہی غلط لگتا ہے، ہم چاہتے تھے کہ حریف کو 270 سے 280 تک محدود رکھیں ایسے میں ہدف حاصل کیا جا سکتا تھا، بدقسمتی سے ہم اپنے منصوبے میں کامیاب نہ ہو سکے، اب دوسرے میچ میں کم بیک کی کوشش کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں