انڈین ویلز ٹینس اگنیسکا ریڈ وانسکا قدم ڈگمگانے کے باوجود فتحیاب

پیٹرا کیوٹوا اور ماریا شراپووا نے بھی کامیابی کو گلے لگا لیا، ماریون بارٹولی نے سویٹلانا کزنٹسووا کی کہانی ختم کردی۔


Sports Desk/AFP March 12, 2013
انڈین ویلز ٹینس: روسی پلیئر سویٹلانا کزنٹسووا فرنچ حریف بارٹولی کیخلاف گیند ریٹرن کررہی ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

انڈین ویلز میں اگنیسکا ریڈوانسکا نے قدم ڈگمگانے کے باوجود تیسرا مرحلہ عبور کرلیا، پیٹرا کیوٹوا اور ماریا شراپووانے بھی کامیابی کوگلے لگا لیا۔

ماریون بارٹولی نے سویٹلانا کزنٹسووا کی کہانی ختم کردی، ماریا کریلنکو نے میلورے برڈیٹی کو قابو کیا، مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ نووک جوکووک نے پہلی سخت آزمائش پر پورے اترتے ہوئے سیزن میں مسلسل فتوحات کا سلسلہ 14-0 تک پہنچا دیا، اینڈی مرے اور سونگا نے بھی دوسرا مرحلہ عبور کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق انڈین ویلز ٹینس کے ویمنز سنگلز تیسرے رائونڈ مقابلوں میں تھرڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کو سورانا کرسٹیا سے سخت مزاحمت کا سامنا رہا، پولش پلیئر اگنیسکا پہلا سیٹ ٹائی بریکر پر جانے کے باوجود 6-7(3/7) سے ہارگئیں تاہم انھوں نے ہمت نہیں ہاری اور بھرپور کم بیک کرتے ہوئے دیگر دو سیٹس میں بالترتیب 6-3 اور 6-4 سے فتح سمیٹ لی، 5 سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹووا کو بھی یوکرینی کوالیفائر لیزیا سورنیکو کیخلاف کامیابی پانے میں کچھ مزاحمت کا سامنا رہا، ان کی جیت کا اسکور 6-2،7-6(7/5) رہا۔



روسی ساحرہ ماریا شراپووا نے اسپین کی کارلا سواریز نیوارو پر 7-5،6-3 سے غلبہ پالیا، فرنچ پلیئر ماریون بارٹولی نے روس کی سویٹلانا کزنٹسووا کو باآسانی 6-4،6-3 سے زیر کرلیا، اطالوی کھلاڑی سارا ایرانی نے سوئیڈش حریف یوہانسن لارسن کیخلاف 6-3،6-1 سے کامیابی پائی، ماریا کریلنکو نے میلورے برڈیٹی کو 6-3،4-6 اور6-2 سے ہرادیا۔دوسری جانب مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ سربیا کے نووک جوکووک نے سیزن میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھتے ہوئے تیسرے رائونڈ میں جگہ بنالی۔

سال کے پہلے ماسٹرز ٹورنامنٹ میں انھوں نے اطالوی حریف فابیو فوگنینی کو 6-0،5-7 اور 6-2 سے ہرادیا، یہ رواں سیزن میں ان کی مسلسل 14ویں فتح ہے، دوسرے سیٹ میں سہل پسندی نے اگرچہ وقتی طور پر انھیں پریشانی میں مبتلا ضرور کیا تاہم ورلڈ نمبرون پلیئر نے جلد ہی اپنے اعصاب کو کنٹرول میں کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کرلیا، تھرڈ سیڈ برطانیہ کے اینڈی مرے نے روسی کھلاڑی ایوگینے ڈونسکوئے کو 5-7،6-2 اور 6-2 سے مات دے دی، 8 سیڈ معروف فرنچ پلیئر جوئے ولفریڈ سونگا نے امریکا کے جیمز بلیک کو 7-6(8/6) اور 6-4 سے ہرادیا، یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے روسی حریف نکولائی ڈیوڈنکو پر 6-3 اور 6-4 سے غلبہ پالیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں