سپریم کورٹ نے کٹاس راج مندر پر پنجاب حکومت کی رپورٹ مسترد کر دی

کرپشن بڑا المیہ ہے، ہر طرف سیاسی تقرریاں ہیں، معتبر شخص سربراہ ہونا چاہیے،اقلیتوں کا تحفظ آئینی ذمے داری ہے، چیف جسٹس


Numainda Express December 01, 2017
سوات میںحدودکے تنازع پراپیل سماعت کیلیے منظور، شرجیل میمن کی درخواست ضمانت منگل کو سماعت کیلیے مقرر۔ فوٹو: فائل

GIVATAYIM, ISRAEL: سپریم کورٹ نے چکوال میں کٹاس راج مندر کا تالاب خشک ہونے سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں پنجاب حکومت کی رپورٹ مسترد کردی۔

سپریم کورٹ نے چکوال میں کٹاس راج مندر کا تالاب خشک ہونے سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق کو طلب کرتے ہوئے انھیں مندروں کی بحالی پر اخراجات کی تفصیلات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیاہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں فل بینچ نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی اہلیت کے بارے میں بھی سوال اٹھایا اور آبزرویشن دی کہ ہر طرف سیاسی تقرریاں ہو رہی ہیں، کسی کی ذات پر اونچی آواز میں بات نہیںکرتے، بورڈکا چیئرمین کوئی معتبر شخص ہونا چاہیے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اقلیتوںکا تحفظ قائدکا وعدہ ہے اور یہ ہماری آئینی ذمے داری ہے۔ عدالت نے پنجاب حکومت کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہارکیا اورکہا کہ سیمنٹ فیکٹریوں پر پابندی پنجاب حکومت نے نہیں بلکہ عدالت کے حکم پر لگائی گئی۔

چیف جسٹس نے کہاکہ ہم کسی کوذمے دار نہیں ٹھہرا رہے لیکن یہ افسوس ناک ہے، ایک سیمنٹ فیکٹری کو5ہزار ٹن سے50 ہزار ٹن کی اجازت کیسے ملی؟ کیا وزیراعلیٰ پنجاب کو یہاں آکر اس کی وضاحت دینا چاہیے؟وفاقی یا صوبائی حکومت میں ذمے دارکون ہے؟ ایسا بیان نہیں دینا چاہتے جو ہیڈ لائن بنے۔

عدالت نے چکوال میں موجود سیمنٹ فیکٹریوں کی انتظامیہ کوماحولیاتی مسائل پر موقف پیش کرنے کیلیے نوٹس جاری کردیا اور وزیراعلیٰ پنجاب کو خود معاملات دیکھنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے پنجاب حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت رواں ماہ کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عاصمہ حامد نے پنجاب حکومت کی جانب سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ زیر زمین پانی کے استعمال سے سطح کم ہوئی اور 5 فٹ تک پہنچ گئی لیکن تالاب کو20 فٹ تک بھر دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے نئی فیکٹریوں کی منظوری پرپابندی لگادی ہے۔

عدالت نے مزید سماعت دسمبرکے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔ جسٹس اعجاز افضل خان کی سر براہی میں2 رکنی بینچ نے سوات کے علاقے کالام اور اتھڑوڑمیںحدودکے تنازع کا مقدمہ سماعت کیلے منظورکرلیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔