ڈبل سواری پر پابندی ناکام ملزمان کھلے عام وارداتیں کرنے لگے

محکمہ داخلہ نےپولیس کی نااہلی پرڈبل سواری پرپابندی لگائی،پیرکو3بڑی وارداتوں میں ملزمان نے موٹر سائیکلیں استعمال کیں.

7 روزہ پابندی کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت40 افراد ہلاک ،ملزمان کو پابندی کا کوئی خوف نہیں،عوام رل گئے فوٹو: نیفر سیگل/ایکسپریس

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی پولیس کی نااہلی پر پردہ ڈالتے ہوئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی۔

پیر کو موٹر سائیکل سوار ملزمان سول اسپتال کے قریب سے سزائے موت کے قیدی کو چھڑا کر لے گئے اس واردات سے کچھ دیر قبل علیگڑھ کالونی میں موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے کیش وین لوٹنے کی کوشش کی،تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے4مارچ کو موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی عائد کی تاکہ شہر میں جاری قتل و غارت گری میں کمی آسکے۔

7 روزہ پابندی کے دوران قتل و غارت میں پولیس اہلکاروں سمیت40 افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی کے باوجود اتوار کی شب ناگن چورنگی فلائی اوور سے2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے نارتھ کراچی اقبال سینٹر میں قائم پکوان سینٹر پر فائرنگ کر دی ۔




جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا،پیر کو 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ملزمان نے سائٹ میں واقع یو بی ایل بینک کو لوٹنے کی کوشش کی ناکامی پر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، علیگڑھ کالونی میں کیش وین لوٹنے کے لیے 5 موٹر سائیکلوں پر 10 سے زائد ملزمان آئے اس واردات میں 3 سیکیورٹی گارڈز جاں بحق ہوگئے۔

جبکہ موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان موقع سے باآسانی فرار ہوگئے اور انھیں کوئی پکڑنے والا نہیں تھا،پیر کو ہی سول اسپتال کے قریب بابائے اردو روڈ پر 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ملزمان جیل سے علاج کی غرض سے آنے والے قیدی کو چھڑا کر باآسانی فرار ہوگئے، ڈبل سواری پر پابندی کے باوجود مسلح حالت میں شہر کی سڑکوں پر ملزمان دندنارہے ہیں،شہریوں کا کہنا ہے کہ اس پابندی سے صرف شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،ایسی پابندی کا کوئی فائدہ نہیں جسے ملزمان خاطر میں نہیں لاتے اور جب چاہیں اپنا مقصد پورا کرلیتے ہیں۔
Load Next Story