ججز کا دورہ ابراہیم حیدری کے اسکولوں پر واٹر ٹینکر مافیا اور شر پسندوں کا قبضہ

تھانہ سکھن کوتحقیقات اورقبضہ واگزار کرانےکاحکم اوررپورٹ طلب کرلی،بنگالی پاڑہ کےاسکول میں مکینوں نے رہائش اختیارکرلی.


Arshad Baig March 12, 2013
مختلف اسکولوں کے ہیڈماسٹرسمیت7ملازمین بھی معطل،صوبائی وزیر نے پرائمری اسکول کومڈل کے بجائے ہائی اسکول کادرجہ دیدیا فوٹو : فائل

ابراہیم حیدری کے سرکاری اسکولوں پر واٹرٹینکر مافیا اور شرپسندوں نے قبضہ کیا ہوا ہے۔

تھانہ سکھن کو مکمل تحقیقات ،قبضہ واگزار کرانے کا حکم اور رپورٹ طلب کرلی،عدم حاضری اور نااہلی پر ہیڈ ما سٹر سمیت 7 ملازمین کو معطل کردیا ،تفصیلات کے مطابق پیر کو سپریم کورٹ کے حکم پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر محمد یامین کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر منور سلطانہ نے ابراہیم حیدری سمیت ملیر ٹائون کے علاقوں میں واقع 32 سرکاری اسکولوں کا دورہ کیا،اس موقع پر پی اے ایف کے ایک گرلز اور4 پرائمری بوائز اسکول نہایت ہی خستہ حالت میں پائے گئے ، چھتیں مخدوش ہوچکی ہیں، منہدم ہونے کے خوف سے کھلے آسمان تلے تدریسی عمل جاری تھا۔

کورنگی بنگالی پاڑہ میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر2میں مکینوں نے قبضہ کیا ہوا ہے،اسکول کی چھت پر غیرقانونی کمرے تعمیر کرکے رہائش اختیار کی ہوئی تھی،فاضل جج نے دوروز میں خالی کرنے کا حکم دیا ،گورنمنٹ پرائمری گرلز اسکول لالہ آباد تین حصوں میں تقسیم نظرآیا ، ایک حصے میں واٹر ٹینکر مافیا نے قبضہ کیا ہوا تھا جنھوں نے اسکول میں پانی کے بڑے ٹینک بنائے ہوئے ہیں اور علاقے کو پانی فروخت کررہے تھے،اسکول کی انتظامیہ نے بتایا کہ بااثرافراد نے بچوں اورعملے کونکال دیا ۔

وہ بچیوں کے ہمراہ اسکول کے عقب میں واقع بوائز اسکول میں دوکمرے حاصل کرکے بچیوں کو تعلیم دیتے ہیں ، دوسرے حصے میں نامعلوم افراد آتشی اسلحہ چھپاتے ہیں جس کے خوف سے وہاں نہیں جاسکتے ، اس موقع پر فاضل جج نے ایس ایچ او سکھن کو فوری مکمل تحقیقات اور قبضہ مافیا سے اسکول واگزار کرانے کا حکم دیا اور مکمل رپورٹ چار روز میں طلب کرلی، گورنمنٹ پرائمری اسکول ابراہیم حیدری کے دورے کے موقع پر اسکول ہیڈ ماسٹر کو بغیر کسی اطلاع کے غیرحاضر پایا جس پر فاضل جج نے محکمہ تعلیم کو معطل کرنے کا حکم دیا۔



ابراہیم حیدری بلوچ پاڑہ کے سرکاری اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو نااہلی پر معطل کیا گیا ،گورنمنٹ گرلز اسکول ابراہیم حیدری نمبر ایک میں خاتون چوکیدار نے قبضہ کیا ہوا تھا، اپنے عزیز اوقارب کو رہائش کے طور پر اسکول کے کمرے فراہم کیے ہوئے تھے جس پر فاضل جج نے شدید برہمی کا اظہار کیا،فوری معطل اور اسکول خالی کرنے کا حکم دیا ۔

دورے کے موقع پر ابراہیم حیدری کے پرائمری اسکول کی انتظامیہ نے بتایا کہ اسکول کے اردگرد قبرستان بنادیا گیا ہے، بچے قبرستان قائم ہونے کے باعث خوف میں مبتلا رہتے ہیں ، ججز کے دورے کے موقع پر اسکول انتظامیہ نے ایک افتتاحی تختی دکھاتے ہوئے توجہ دلائی اور بتایا کہ یہ ہمارے حکمرانوں کا بڑا المیہ ہے، 3مارچ2013 کو صوبائی وزیرمظفر شجرہ نے پرائمری اسکول کو ہائی اسکول کا درجہ دے کر افتتاح کیا تھا جبکہ قانونی طور پر مڈل اسکول کو ہائی اسکول کا درجہ دیا جاتا ہے لیکن انھوں نے پرائمری اسکول کو مڈل کے بجائے ہائی اسکول کا درجہ دے کر ترقیاں بھی دیدی اور بھرتیاں بھی کرلی گئی ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |