نجی فیکٹریوں میں مقامی افراد کو روزگار نہیں دیا جاتاارکان سندھ اسمبلی

ایوان میں اظہار تشویش، ایسا کوئی قانون نہیںکہ غیر مقامی لوگوں کو نوکریاں نہ ملیں، اسپیکر.


Staff Reporter March 12, 2013
فیکٹریوں میں غیر ہنر مند 7 سے 10، ہنر مند خواتین 11سے 20ہزار تنخواہ لیتی ہیں، وزیر محنت. فوٹو فائل

سندھ اسمبلی میں پیر کو متعدد ارکان نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ گھوٹکی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں واقع نجی فیکٹریوں اور اداروں میں مقامی افراد کو روزگار نہیں دیا جاتا۔

یہ بات انھوں نے پیر کو محکمہ محنت سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوالات کرتے ہوئیکی ۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا قانون نہیں ہے جس کے تحت غیر مقامی یا دیگر صوبوں کے لوگوں کو نوکریاں نہ دی جائیں ۔ ارکان سندھ اسمبلی کا مؤقف تھا کہ دنیا بھر میں مقامی لوگوں کو روزگار دینے پر ترجیح دی جاتی ہے ۔وزیر محنت نے چوڑیاں بنانے کی فیکٹریوں میں کام کرنے والی غیر ہنر مند خواتین کو ماہانہ 7 سے 10 ہزار روپے جبکہ ہنر مند خواتین کو 11ہزار سے 20 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے ۔

رجسٹرڈ فیکٹریوں میں کام کرنے والی کارکنوں کو اولڈ ایج پینشن جبکہ انتقال کرجانے والی کارکنوں کے ورثا کو بھی پینشن دی جاتی ہے ۔ متعدد خواتین ارکان نے وزیر محنت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ چوڑیوں کی فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین اور بچیوں کے ہاتھ جلے ہوئے ہوتے ہیں ۔ انھیں مقررہ تنخواہیں نہیں دی جاتیں اور لیبر قوانین کے تحت انھیں مراعات بھی نہیں۔ وزیر محنت نے کہا کہ یہ معاملہ ان ورکرز کے ساتھ ہے جو گھروں میں قائم غیر رجسٹرڈ فیکٹریوں میں کام کرتے ہیں ۔ فیکٹریوں اور کاروبار وغیرہ کی رجسٹریشن اور ان میں کام کرنے والے لوگوں کے اعداد و شمار مرتب کرنے کے لیے حکومت نے ایک کمیٹی قائم کر رہی ہے۔

وزیر محنت نے بتایا کہ سندھ میں 5 سندھ ورکرز ماڈل اسکولز قائم ہیں ، جہاں محنت کشوں کے بچوں کو مفت تعلیم اور سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں ۔ وزیر محنت نے کہا کہ سندھ اسمبلی ایسا قانون بنا سکتی ہے جس کے تحت ہر نجی اور سرکاری اداروں میں مقامی لوگوں کا کوٹہ مختص کیا جا سکتا ہے ۔ سینئر وزیر تعلیم پیر مظہرالحق نے کہا کہ ایک قانون ہوتا ہے اور دوسری اخلاقیات ہوتی ہے ۔ دنیا بھر کا مانا ہوا اصول ہے کہ ہر جگہ نوکریوں میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کہنا زیادتی ہے کہ سندھ میں قابل لوگ نہیں ہیں۔ سندھ کے لوگ انتہائی قابل اور ذہین ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں