خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

بچھڑے دوست کا ملنا

رحمت علی، ملتان

خواب:۔میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ ایک ریسٹورنٹ میں ہوں اور ہم سب مل کر کھانے سے پہلے خوب ہنسی مذاق کررہے ہیں ۔ اچانک بیرونی دروازے کے پاس ہمارا ایک دوست جو کہ ایک حادثے میں ہم سے بچھڑ چکا ہے داخل ہوتا ہے اور متلاشی نظروں سے ہم کو دیکھتا ہے۔ ہم ہاتھ ہلاکر اس کو اشارے کرتے ہیں اور وہ چلتا ہوا ہمارے پاس آجاتا ہے۔ اس انثاء میں کھانا بھی لگ جاتا ہے اور ہم کھاتے وقت اس سے پوچھتے ہیں کہ تم کیسے واپس آگئے تم تو ایکسڈنٹ میں ہم کو چھوڑ گئے تھے۔ اس پر وہ کہتا ہے کہ میں تو واپس آگیا ہوں۔

تعبیر:۔ماشا اللہ آپ کا خواب سعد ہے اور دلیل کرتا ہے کسی گمشدہ چیز کے ملنے پر۔ اللہ کی مہربانی سے کسی گمشدہ چیز کی بازیابی ہو سکتی ہے یا غیب سے کوئی مدد۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ہو سکے تو گھر میں پرندوں کو باجرہ ڈالا کریں۔

پاؤں میں جوتی نہیں ہوتی

عبید اللہ قدیر، لاہور

خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں بازار سے کچھ خریدنے کے لیے گھر سے نکلتا ہوں۔ بازار میں بہت گہما گہمی ہوتی ہے جیسی عموماً عید کے دنوں میں نظر آتی ہے۔ میں بازار میں مختلف دکانوں پر نہ جانے کیا ڈھونڈتا پھر رہا ہوں اسی دوران میری نظر اپنے پاؤں پر پڑتی ہے اور یہ دیکھ کر میں حیران ہو جاتا ہوں کہ میرے پاؤں میں جوتی نہیں ہوتی۔ حیرت کی بات ہے کہ اس بات کا احساس مجھے گھر سے نکلتے وقت بھی نہیں ہوا اور سارا وقت بازار میں پھرنے کے باوجود مجھے نہیں پتہ چلا کہ میں بناء جوتی کے پھر رہا ہوں۔

تعبیر:۔ خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی غم یا پریشانی آسکتی ہے ۔ آپ کے کاروبار میں کوئی رکاوٹ یا بندش بھی ہو سکتی ہے گھر یا گھر کے افراد کی طرف سے بھی کوئی پریشانی لاحق ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ حسب توفیق ہر جمعرات اور منگل صدقہ و خیرات بھی کریں۔

سانپ کاٹ لیتا ہے

سعدیہ حرا، لاہور

خواب؛۔میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی دوستوں کے ساتھ ایک پرفضا مقام کی سیاحت کے لیے گئی ہوتی ہوں۔ مری کی طرف کا کوئی ہل سٹیشن ہے۔ شام کو ہم سب دوست تیار ہو کر باہر گھومنے کے لیے نکلتی ہیں۔ بے فکری سے ہم درختوں کے جھنڈ میں جا کر تصاویر اتار رہے ہوتے ہیں کہ اچانک وہاں پر ایک شاخ سے سانپ لٹکتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ میں بھی سب کے ساتھ چیخیں مارتی ہوئی وہاں سے بھاگتی ہوں۔ اسی گڑ بڑ میں ہم سب تتر بتر ہو جاتی ہیں ۔ میں مڑ کر دیکھتی ہوں تو سانپ پوری تیزی سے میرے پیچھے بھاگ رہا ہوتا ہے۔ اچانک ٹھوکر لگنے سے میں گر جاتی ہوں اور سانٰپ بالکل میرے پیچھے پہنچ کر مجھے پاؤں پر ڈس لیتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ اس دن سے میں کافی خوفزدہ ہوں۔

تعبیر:۔آپ کا خواب دلیل کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی غم یا پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ کوئی دشمن خدانخواستہ نقصان پہنچا سکتا ہے۔ آپ کثرت سے یاحفیظ اللہ کا ورد کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں۔ بعداز فجر اوّل و آخرگیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ نصرمن اللہ وفتح قریب پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کریں ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے حفظ و امان میں رکھیں اور دشمن کے شر سے حفاظت فرمائیں۔

بزرگ تحفہ دیتے ہیں

صائمہ نسیم، لاہور

خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں اپنی جٹھانی کے گھر دعوت پر ہوں اور میرے علاوہ میرے والدین بھی اس دعوت میں مدعو ہیں اور ہم سب کھانے کے بعد خوش گپیوں میں مصروف ہیں۔ اسی دوران ایک مہمان کی آمد ہوتی ہے اور میں بھی سب کے ساتھ ان بزرگ کے احترام میں باہر نکل کر کھڑی ہو جاتی ہوں۔ وہ بزرگ میری چٹھانی کے کوئی ملنے والے ہوتے ہیں۔ چائے کے بعد میں ان کو الوداعیہ کلمات ادا کر رہی ہوتی ہوں تو وہ مجھے ایک باکس تحفے میں دیتے ہیں۔ میں گھر آکر اس کو کھولتی ہوں تو اس میں ایک قرآن پاک اور آب زم زم ہوتا ہے۔ میں آب زم زم پی لیتی ہوں اور قرآن کی تلاوت شروع کردیتی ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔آپ کا خواب سعد ہے اور اس بات پر دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو دین کی سمجھ بوجھ عطاء ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں با ترجمہ تلاوت قرآن پاک کا اہتمام کیا کریں۔ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کردیا کریں ۔

ہرے رنگ کے سانپ

سویرا خان، پشاور

خواب:۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی جنگل میں ہوں۔ جہاں ہر طرف ہرے بھرے درخت اور سبزہ ہے۔ میرے پیچھے ہرے رنگ کے سانپ بھاگ رہے ہیں۔ میں ان سے آگے بھاگ رہی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل گئی۔ اس وقت اتنا وقت نہیں تھا کہ میں تعبیر معلوم کرتی۔ کبھی کبھار یہ خواب یاد آجاتا ہے تو پریشان ہو جاتی ہوں۔

تعبیر:۔ آپ کے خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ کی تمام پریشانیوں کا خاتمہ تو ہو چکا ہے۔ اب آپ اپنی پوری توجہ پڑھائی پر دیں۔ مگر صدقہ لازمی حسب توفیق دیتی رہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایک کامیاب ڈاکٹر بنائے، آمین۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو یاحیی یا قیوم کا ورد کرتی رہا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔

خالہ کے گھر آب زم زم پینا

اقصٰی منیر، لاہور

خواب:۔ میں نے پہلے بھی آپ کو خط لکھا تھا مگر تا حال کوئی جواب نہیں ملا۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی خالہ کے گھر گئی ہوئی ہوں اور وہاں کافی زیادہ لوگ بھی اِدھر اُدھر پھر رہے ہیں۔ خالہ مجھے ایک پیالے میں کچھ پینے کو دیتی ہیں اور میں بہت خوشی سے پیتے ہوئے سوچ رہی ہوں کہ یہ تو آب زم زم ہے ۔ حالانکہ یہ میری خالہ کا گھر ہے مگر ظاہری طور پر اس کی مشابہت مسجد الحرم جیسی ہے یعنی کھڑی میں ادھر ہوں اور آب زم زم پی رہی ہوں مگر سوچ رہی ہوں کہ میری خالہ کا گھر ہے۔

تعبیر:۔ براہ راست صرف ان خطوط کے جوابات دیئے جاتے ہیں جن کو لکھنا میگزین میں مناب نہ ہو ورنہ باری آنے پر سب خطوط کے جواب دیئے جاتے ہیں اور سب خطوط کو پڑھا جاتا ہے۔ ماشاء اللہ آپ کا خواب بہت اچھا ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کسی بیماری سے شفا ہوگی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو دین کی محبت اور سمجھ عطا کریں گے۔ علم حاصل ہوگا۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

منہ کا ذائقہ خراب ہونا

احمد اقبال، فیصل آباد

خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے ہاسٹل میں ہوں اور بھوک کی وجہ سے کچن میں جا کر کچھ ڈھونڈھنے کی کوشش کرتا ہوں۔ کھانے کا وقت نہ ہونے کی وجہ سے وہاں کوئی بھی نہیں ہوتا اور کھانے کو بھی بس بمشکل ایک حلوہ نما چیز مجھے ملتی ہے۔ میں بھوک سے بے تاب ہو کر اس کو منہ میں ڈال لیتا ہوں مگر فوراً مجھے احساس ہوتا ہے کہ یہ تو خراب ہے۔ میں باتھ روم کی طرف بھاگتا ہوں اور جا کر اگلنے کی کوشش کرتا ہوں مگر الٹی کرنے کے باوجود مجھے اس کا ذائقہ بڑی دیر تک منہ میں محسوس ہوتا ہے۔

تعبیر:۔ آپ کا خواب پریشانی پر دلیل کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی غم یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کاروبار میں کوشش کریں کہ رزق حلال کا اہتمام کیا جائے۔

ناک سے خون بہنا

ارشاد علی،کوئٹہ

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتا ہوں اور پھر اٹھ کر واش روم میں جاتا ہوں۔ آئینے میں دیکھا کہ میرے ناک سے خون بہہ رہا ہوتا ہے اور وہ آہستہ آہستہ میرے چہرے کے اوپر آجاتا ہے۔ میں خون دیکھ کر بہت پریشان ہو جاتا ہوں اور جلدی سے ناک کے اوپر پانی بار بار گراتا ہوں ۔ میں نے دیکھا کہ خون آنا بند ہو گیا ہے ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو مال حرام حاصل ہوگا۔ جس سے آپ کی جگ میں رسوائی ہو گی۔ اور یہ مال اس طرح ضائع ہو جائے گا جس طرح آپ نے حاصل کیا ہوگا۔ کاروبار میں شروع میں ترقی نظر آئے گی لیکن بعد میں پریشانی پیدا ہو جائے گی ۔ جس سے آپ کی عزت اور وقار میں بھی کمی ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

گاؤں کے مدرسہ میں پڑھنا

حاجی امداد علی، ملتان

خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے گاؤں والے گھر میں ہوتا ہوں ۔ میں وہاں سے گاؤں کے مدرسہ میں جاتا ہوں اور اس مدرسہ کو بڑے غور سے دیکھ رہا ہوتا ہوں پھر میں اپنی کلاس میں جاتا ہوں ۔ جہاں میں پڑھا کرتا تھا اور کچھ دیر تک وہاں بیٹھ جاتا ہوں ۔ ایک دم میں نے محسوس کیا کہ میں مدرسہ میں پڑھ رہا ہوتا ہوں اور میرے ایک استاد مجھ سے سبق سن رہے ہوتے ہیں ، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھاخواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ رشد و ہدایت پائیں گے۔ آپ کے علم اور رزق حلال میں اضافہ ہوگا۔ لوگوں کو تعلیم و تربیت دینے کا فریضہ سرانجام دیں گے۔ آپ کے کاروبار میں بھی برکت ہوگی جس سے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی جاری رکھیں اور کچھ اللہ کی راہ میں خیرات کریں۔

مہمان نوازی کرنا

آسیہ باجی ، اسلام آباد

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوتی ہوں ۔ میرے دروازے کی گھنٹی بجتی ہے ، میں جلدی سے دروازہ کھولتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ میری سسرال سے میری ساس، سسر اور میری دو نندیں اپنے بچوں کے ساتھ میرے گھر آتی ہیں۔ میں جلدی سے ان کو لے کر بڑے کمرے میں آتی ہوں اور خوش ہوتی ہوں ۔ میری ساس اور نندیں بھی مجھ سے مل کر خوش ہوتی ہیں۔ پھر میں ان کی مہمان نوازی میں لگ جاتی ہوں اور ان کو اچھے اچھے کھانی پیش کرتی ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھاخواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کیلئے فرحت و راحت ہو گی۔ خاندان اور دوستوں میں عزت اور وقار میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہوگا اور کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ہوگا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یاعزیز کا ورد بھی جاری رکھیں۔

باغ میں مور ناچتے دیکھنا

جاویداحمد،لاہور

خواب: میں نے دیکھا کہ میں صبح سیر کیلئے اپنے گھر کے قریب ایک باغ میں جاتا ہوں۔ وہاں میں کچھ دیر تک سیر کر رہا ہوتا ہوں تو پھر میں نے دیکھا کہ باغ کے ایک طرف ایک جنگلہ کے اندر مور ناچ رہے ہیں۔ مور اپنی دھن میں اپنے سارے پروں کو نکال کر خوبصورت طریقہ سے ناچ رہے ہوتے ہیں۔ میں مور کو ناچتے دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہوں اور پھر وہاں سے واپس آتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے جاہ و جلال میں اضافہ ہوگا۔ آپ کی عزت اور توقیر میں بھی اضافہ ہوگا۔ آپ کے کاروبار میں اضافہ ہوگا۔ رزق میں کشادگی پیدا ہوگی۔ دولت کے حصول میں آسانیاں پیدا ہوں گی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اورکثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی کیا کریں۔

مسجد میں مسواک کرنا

حاجی کرم الدین،گجرات

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نماز کی ادائیگی کیلئے اپنے محلہ کی مسجد میں ہوتا ہوں۔ جب میں وضو کرنے لگتا ہوں تو مجھے خیال آتا ہے کہ میری جیب میں ایک مسواک ہے۔ میں جلدی سے پہلے مسواک کرتا ہوں اور کافی دیر تک مسواک کرتا رہتا ہوں ، پھر میں وضو کرتا ہوں اور اس کے بعد مسجد کے صحن میں چلا جاتا ہوں تاکہ نماز ادا کروں۔ مسجد میں کافی زیادہ لوگ ہوتے ہیں ، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو بزرگی کی سعادت نصیب ہوگی۔ آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔ اللہ تعالیٰ آپ کے رزق حلال میں برکت عطا فرمائیں گے۔ آپ کے کاروبار میں بھی اضافہ ہوگا اور آپ اپنے مال سے خیرات بھی کریں گے۔ آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی کیا کریں۔

سر کے تمام بال سفید ہوتے ہیں

چودھری انعام احمد،لاہور

خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتا ہوں اور جب میں اپنے بیڈ سے اٹھ کر واش روم میں جاتا ہوں تو شیشہ میں اپنی شکل کو دیکھتا ہوں۔ میں نے دیکھا کہ میرے سر کے تمام بال سفید ہو چکے ہیں اور میں بار بار اپنے دونوں ہاتھوں سے سر کے سفید بالوں کو دیکھتا ہوں، تو بہت زیادہ پریشان ہوجاتا ہوں کہ کل صبح کو یہ تمام بال کالے تھے مگر اب یہ سفید کیسے ہوگئے ہیں۔ اس پریشانی میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوگا۔ آپ کو بزرگی ملے گی اور آپ کے کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ مال و دولت بھی آپ کو ملے گی۔ آپ کے رشتہ داروں اور احباب میں عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

مختصر جوابات:

حفصہ عابد، بہاولپور

آپ کو براہ راست جواب روانہ کیا جا چکا ہے۔

٭٭٭

رمیہ خالد، ملتان

ماشاء اللہ آپ کا خواب سعد ہے اور کسی خوشخبری پر دلیل کرتا ہے اللہ نے چاہا تو عنقریب کسی نئے مہمان کی آمد کی خبر سنیں گی۔ آپ لہٰذا پریشانی کے بجائے خود کو آنے والے مہمان کی تیاریوں میں مصروف کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور باترجمہ قرآن پاک کی تلاوت کا اہتمام کریں۔ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور حسب توفیق صدقہ بھی دیں۔

٭٭٭

احمد مرسلین، پتوکی

آپ کا خواب نظام انہضام کی خرابیوں پر دلیل کرتا ہے۔ بعد از عشاء ہلکی چہل قدمی کیا کریں۔ رات کا کھانا جلدی کھائیں ، بادی اور ثقیل اشیاء سے پرہیز کریں۔

٭٭٭

طلال بھٹی، لاہور

اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی یا غم گھر کرسکتا ہے۔ یہ بیماری کی طرف اشارہ بھی ہوسکتا ہے۔ لہٰذا اپنی صحت کی طرف سے لاپروائی نہ کریں اور خوراک کا خاص خیال رکھیں ۔

٭٭٭

طوبیٰ الغبر، لاہور

اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی برکتیں و رحمتیں آپ پر نازل فرمائیں گے۔ آپ کے رزق اور وسائل میں اضافہ ہوگا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

٭٭٭

آسیہ کنول، قصور

آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی۔ آپ صدقہ و خیرات ضرور کریں۔

٭٭٭

محمد عثمان، پتوکی

آپ بعد ازعشاء اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ یا حفیظ یا اللہ کا ورد کرکے اپنے اوپر دم کرلیا کریں۔

٭٭٭

طیبہ علی، پشاور

آپ کا خواب ایسا نہیں کہ براہ راست جواب دیا جا سکے۔ آپ دوبارہ خواب جوابی لفافے کے ساتھ بھیج دیں تاکہ جواب دیا جا سکے۔

٭٭٭

اقراء رسول، وہاڑی

آپ نہار منہ نیم گرم پانی میں شہد ڈال کر پیا کریں اور بعد از نماز عشاء ہلکی چہل قدمی کیا کریں۔ آپ کا خواب سعد ہے پریشانی کی اس میں کوئی بھی بات نہیں۔ بس آپ نماز پنجگانہ کا اہتمام کیا کریں۔ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

٭٭٭

ماہ جبین ، اسلام آباد

اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو اپنے دشمن پر فتح نصیب ہوگی۔ اگر بے اولاد ہیں تو اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے صاحب اولاد ہو جائیں گی ۔ یہ گمشدہ رقم کی واپسی پر بھی دلیل کرتا ہے۔ مال و وسائل میں برکت ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔n

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔