بھارتی فوج کے زیر اہتمام کرکٹ میچ میں پاکستان کے حق میں نعرے ویڈیو وائرل

تماشائیوں نے اسٹیڈیم میں پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور بھارت سے آزادی کے نعرے لگائے


ویب ڈیسک December 03, 2017
تماشائیوں نے اسٹیڈیم میں پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور بھارت سے آزادی کے نعرے لگائے۔ فوٹو:سوشل میڈیا

بھارتی فوج کے زیر اہتمام کرکٹ لیگ کے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں تماشائیوں نے پاکستان اور حریت رہنما ذاکر موسیٰ کے حق میں نعرے لگا دیے۔

بھارتی فوج کئی برسوں کے ظلم و تشدد کے بعد بھی کشمیریوں کے دل سے پاکستان کی محبت کو ماند نہیں کر سکی، انھیں جب بھی موقع ملتا ہے وہ اس محبت کا اظہار کچھ اس طریقے سے کرتے ہیں کہ بھارت اپنا سا منہ لے کر رہ جاتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں دھونی کا ''بوم بوم آفریدی'' کے نعروں سے استقبال

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کے زیر اہتمام ضلع بڈگام میں کشمیر پریمیر لیگ کا انعقاد کیا گیا جس میں بھارتی پولیس اور فوج کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، میچ کے دوران بھارتی پولیس اور فوج کے اعلیٰ افسران کو اس وقت شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں اور کھلاڑیوں نے پاکستان اور حریت رہنما ذاکر موسیٰ کے حق میں نعرے بازی کرنا شروع کردی۔

کشمیر میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میچ کی اختتامی تقریب کے دوران اسٹیڈیم میں موجود کھلاڑیوں اور تماشائیوں نے پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور بھارت سے آزادی کے نعرے لگائے۔

[fb-post-embed url="https://www.facebook.com/JKBreakingNews.in/videos/1796490997059777/"]

واضح رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب بھارتی فوج کی جانب سے منعقد کرکٹ میچ کے دوران بھارتی کھلاڑی مہندرا سنگھ دھونی کی آمد پر کشمیری نوجوانوں نے''بوم بوم آفریدی'' کے نعرے لگائے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔