یورپ جانے کے خواہشمند 4 پاکستانی نوجوان یونان میں حادثے میں جاں بحق

حادثے میں جاں بحق ہونے والے 2 افراد کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے


ویب ڈیسک December 03, 2017
حادثے میں جاں بحق ہونے والے 2 افراد کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے : فوٹو : فائل

یورپ جانے کے خواہشمند چار پاکستانی نوجوان یونان کے شہر کوالا میں گاڑی کھائی میں گرنے سے جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یورپ جانے والے 4 پاکستانی ایک کار حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔ یونان کے شہر کوالا کے قریب پولیس نے ایک تیز رفتار ٹیکسی کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے رکنے کے بجائے تیز رفتاری سے گاڑی کو ایک چھوٹی سڑک پر موڑ دیا۔ پولیس نے گاڑی کا پیچھا کیا ، اس دوران فرار ہونے والا ڈرائیور تیز رفتار گاڑی کو قابو میں نہیں رکھ سکا اور کار گہری کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں چار افر د ہلاک جب کہ ڈرائیور سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 2 افراد کا تعلق منڈی بہاؤالدین کے علاقے بادشاہ پور سے ہے جب کہ 2 نواجوانوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، نوجوانوں کو چند روز قبل چوٹ دھیراں کے ایجنٹ فیض احمد نے یورپ بھجوایا تھا۔ یونانی پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی اور ہلاک ہونے والے افراد ترکی کی سرحد سے غیر قانونی طور پر یونان میں داخل ہوئے تھے، اور چاروں افراد کا تعلق پاکستان سے ہے جب کہ ڈرائیور بھی پاکستانی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے شہر استنبول سے 57 پاکستانی غیر قانونی تارکین وطن کو بازیاب کرایا گیا تھا جب کہ چند روز پہلے بلوچستان میں بھی دو مختلف واقعات میں یورپ جانے والے 20 غیر قانونی تارکین وطن جاں بحق ہوگئے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔