کراچی میں سی ویو پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق 5 ملزم گرفتار

تیز رفتار ہیوی بائیک اور کار کے درمیان تصادم پر نوجوانوں کا آپس میں جھگڑا ہوگیا۔

تیز رفتار ہیوی بائیک اور کار کے درمیان تصادم پر نوجوانوں کا آپس میں جھگڑا ہوگیا۔ فوٹو: فائل

سی ویو پر گاڑی اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں کار سوار نوجوان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جب کہ پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس دو دریا کے مقام پر صبح سویرے تیز رفتار ہیوی بائیک اور کار کے درمیان تصادم ہوا جس پر نوجوانوں کا آپس میں جھگڑا ہوگیا۔ بائیک سوار شخص کے فون پر اس کے دوست پیچھے سے ڈبل کیبن گاڑی میں آئے اور تکرار کے بعد فائرنگ کردی جس سے دونوں کار سوار ظافر اور زید زخمی ہوگئے جب کہ ملزمان فرار ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ظافر دم توڑ گیا۔


واقعے کے کئی گھنٹے بعد شام 4 بجے پولیس نے پی ای سی ایچ ایس کے علاقے علامہ اقبال روڈ سے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں سے 3 کی عمر 14 سال ہے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے دو خول ملے ہیں اور گاڑی پر 7 سے 8 گولیوں کے نشانات ہیں جب کہ اطراف سے سی سی ٹی وی ویڈیو بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔


صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی۔ ایس ایس پی جاوید اکبر ریاض کے مطابق واقعے میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ واقعے میں ملوث ڈبل کیبن گاڑی اور ایک جیپ کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

Load Next Story