دہلی ٹیسٹ بھارت نے سری لنکا کو رنز کے انبار تلے دبادیا

میزبان ٹیم کی اننگز 7 وکٹ 536 پر ڈیکلیئرڈ ، ویرات کوہلی کے ریکارڈ 243 رنز

آئی لینڈرز نے جوابی اننگز میں3وکٹ پر 131رنز جوڑلیے، انجیلو میتھیوز کی ففٹی

بھارت نے سری لنکا کو رنز کے انبار تلے دبادیا سری لنکا کیخلاف دہلی ٹیسٹ میں ویرات کوہلی نے ریکارڈ ڈبل سنچری بنا کر بھارتی گرفت مضبوط ترکردی۔

شہر میں چھائے ہوئے اسموگ سے بچنے کیلیے مہمان فیلڈرز نے دن بھر ماسک پہن کر گراؤنڈ میں باؤنڈری لائن کی جانب دوڑتی گیندوں کا تعاقب کیا، کوہلی نے کیریئر کی بہترین 243 کی اننگزکھیلی، وہ بطورکپتان چھٹی ڈبل سنچری داغنے والے پہلے انٹرنیشنل کپتان بھی بنے، میزبان ٹیم نے پہلی اننگز 7 وکٹ 536 رنزبناکرڈیکلیئرڈکردی، دوسرے دن کے اختتام پر سری لنکا نے جوابی اننگز میں 131 رنز بنانے میں 3 وکٹیں گنوادیں۔


انجیلو میتھیوز 57 اور کپتان دنیش چندیمل 25رنز کے ہمراہ وکٹ پر موجود ہیں، ان کے درمیان اب تک چوتھی وکٹ کیلیے 56رنز کی ساجھے داری بن چکی، اوپنر دیموتھ کرونا رتنے گولڈن ڈک کی خفت سے دوچار ہوئے،انھیں اننگز کی پہلی ہی گیند پر شامی نے وکٹ کیپر وردھیمان ساہا کی مدد سے قابو کیا، دلرووان پریرا 42 کو جڈیجا نے ایل بی ڈبلیو کیا، پریرا اور میتھیوز کو سلپ میں شیکھردھون اورکوہلی کے ڈراپ کیچز سے بھی فائدہ پہنچا، پریرا 16 اور میتھیوز6 کے انفرادی اسکور پر خوش قسمت ثابت ہوئے، دلرووان اور میتھیوز میں تیسری وکٹ کیلیے 61رنز کی پارٹنر شپ بنی، دھنن جیا ڈی سلوا 1 رن بناکرایشانت شرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیوہوگئے۔

اس سے قبل بھارت نے دوسرے دن کی شروعات اپنی نامکمل اننگز کو 371-4 سے آگے بڑھاتے ہوئے کی، کوہلی 156 اور روہت شرما نے 6 کے انفرادی اسکور سے پیشرفت کی، ان کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 135رنز کی شراکت اس وقت ٹوٹی جب روہت شرما 65 رنز بنانے کے بعد سنداکن کی گیندپر ڈکویلا کے ہاتھوں جکڑے گئے۔

اس وقت بھارتی ٹیم کا مجموعہ 500 رنزتک پہنچا تھا، روی چندرن ایشون کا وکٹ پر قیام مختصر رہا، وہ محض 4رنز بناکر گامگے کی گیند پر پریرا کوکیچ دے بیٹھے،کوہلی کی قیمتی وکٹ بھی سنداکن کے حصے میں آئی، بھارتی کپتان نے 287 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 25 چوکوں کی مدد سے 243رنز بنائے، ان کی اننگز میں کوئی سکسر شامل نہیں رہا، وردھیمان ساہا 9 اوررویندرا جڈیجا 5 پر ناٹ آؤٹ رہے، بھارت نے اننگز 7 وکٹ 536 پر ڈیکلیئرڈ کردی، سنداکن نے 4 شکار کیے،کم روشنی کے سبب دن کا اختتام مقررہ وقت سے قبل کیاگیا۔
Load Next Story